جسٹس ہیلپ لائن سے قانون کے شعبے میں تحقیق وتربیت کے سلسلے میں تعاون جاری رکھیںگے،صوبائی سیکریٹری قانون

ہفتہ 2 مارچ 2019 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2019ء) جسٹس ہیلپ لائن کے صدر ندیم شیخ ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ صوبائی سیکریٹری قانون شارق احمد اور وفاقی سیکریٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن ڈاکٹر رحیم اعوان اور اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور خان نے جسٹس ہیلپ لائن کی قانون کے شعبے میںتحقیق اور تربیت کے حوالے سے خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں تحریری یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ جسٹس ہیلپ لائن سے قانون کے شعبے میں ہونے والی تحقیق اور طلباء وطالبات کو تربیت دینے کے حوالے سے مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی یوم خواتین کے حوالے سے کراچی میں دوسری وومن لاء کانفرنس کا انعقاد 7مارچ کو کیا جارہا ہے ۔اس موقع پر ہمدرد یونیورسٹی کی چانسلر اور شہید حکیم محمد سعید کی صاجزادی سعدیہ راشد کو انکی خدمات کے صلے میں لائف ٹائم اچیورنمنٹ ایوارڈ دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

کانفرنس کی صدارت جسٹس ( ر) قاضی خالد علی کریں گے جبکہ تقسیم اعزازت کی تقریب کی مہمان خصوصی جسٹس کو ثر سلطانہ ہونگی ۔

وومن لاء کانفرنس میں پہلی قانون جج جسٹس (ر) ماجدہ رضوی چیئرپرسن ہیومن رائٹس کمیشن سندھ ،صوبائی چیئرپرسن وومن کمیشن محترمہ نزہت شیریں سینیٹرشیریں رحمن ،ممتاز پارلیمنٹری مہتاب اکبرراشدی ،سینئر قانون دان ڈاکٹر رعنا خان کے علاوہ خواتین ججز خواتین وکلاء ،سرکاری افسران ،سول سوسائٹی کے اراکین کی بڑی تعدادکانفرنس میں شریک ہونگی زیبول یونیورسٹی اور دختران پاکستان کانفرنس کے انعقاد میں جسٹس ہیلپ لائن کی معاونت کررہے ہیں ۔