ہفتہ ء صفائی و شجرکاری کو صوبہ بھر میں پورے جوش و خروش سے منایا جائے گا‘بشارت راجہ

سیمینار، واک، تقریری مقابلے سمیت رنگا رنگ آگاہی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے ‘صوبائی وزیر قانون

بدھ 13 مارچ 2019 23:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2019ء) وزیر قانون، پارلیمانی امور و بلدیات محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کی خواہش کے مطابق ہفتہ ء صفائی و شجرکاری کو صوبہ بھر میں پورے جوش و خروش سے منایا جائے گا۔وہ سول سیکریٹریٹ میں ہفتہ ء صفائی و شجرکاری کے انتظامات کا جایزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔انہوں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صوبہ بھر کے کمشنروں، ڈپٹی کمشنروں اوربلدیاتی افسران سے خطاب بھی کیا۔

سیکریٹری بلدیات نے بریفنگ دیتے ہوے کہا کہ ہفتہ ء صفائی و شجرکاری کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب18 مارچ کو کریں گے اوریہ 23 مارچ کواختتام پذیر ہوگا۔اس دوران سیمینار، واک، تقریری مقابلے سمیت رنگا رنگ آگاہی پروگرام بھی منعقد کیے جاییں گے۔

(جاری ہے)

سکولوں، ہسپتالوں اور دیگر جگہوں پر 10 لاکھ پودے لگانے کا ہدف ہے۔بشارت راجہ نے کہا کہ ضلعی سطح پر وزرا اور تحصیل کی سطح پر اراکین اسمبلی ان تقریبات کا بیک وقت افتتاح کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہفتہ ء صفائی ایک آغاز ہے، اس کام کو سارا سال جاری رکھا جائے تاکہ صاف اور سرسبز پنجاب کا خواب پورا ہو جائے کیونکہ کلین اینڈ گرین پنجاب تحریک انصاف کے تبدیلی نعرے کا اہم جزو ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تاجر، سول سوسائٹی، مذہبی و سماجی راہنماؤں، کھلاڑیوں، فنکاروں، اساتذہ، طلبہ سمیت تمام طبقوں کے تعاون سے مہم کو کامیاب بنایا جائے، بڑی شاہراہوں، سرکاری عمارتوں اور عوامی مقامات کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام کمشنر صاحبان 16 مارچ تک انتظامات کی حتمی رپورٹ چیف سیکرٹری پنجاب کو بھجوا دیں۔