حکومت عوام کو صحت ،علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے ،جام کمال خان

عوام کو وبائی ودیگر امراض سے محفوظ رکھنے کیلئے محکمہ صحت کے زیراہتمام مختلف پروگرام جاری ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعرات 14 مارچ 2019 21:55

حکومت عوام کو صحت ،علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے بھرپور ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو صحت اور علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے اور عوام کو وبائی ودیگر امراض سے محفوظ رکھنے کے لئے محکمہ صحت کے زیراہتمام مختلف پروگرام جاری ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کڈنی کے امراض کے عالمی دن کے موقع پر بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف نفرالوجی اینڈ یورولوجی (کڈنی سینٹر) میں فری سکیننگ کیمپ کے افتتاح کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری اور رکن صوبائی اسمبلی اصغر خان اچکزئی بھی اس موقع پر وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے جبکہ سینٹر کے سی ای او ڈاکٹر کریم زرکون نے کیمپ کے انعقاد کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسکریننگ کیمپ میں لوگوں کو گردوں کے امراض سے بچاؤ کی آگاہی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی بلامعاوضہ اسکریننگ بھی کی جارہی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں گردوں کے امراض میں اضافہ باعث تشویش ہے جس کی ایک بڑی وجہ شعور کی کمی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت گردوں کے امراض میں مبتلا افراد کے علاج معالجہ کے لئے تمام ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں ڈائیلائسز کی سہولت کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے جبکہ بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کے ذریعہ گردوں کے ٹرانسپلانٹ کے لئے غریب عوام کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسکریننگ کیمپ کے انعقاد کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے منعقدہ واک میں بھی شرکت کی اور کڈنی سینٹر کے ڈائیلائسز وارڈ اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اپنے رشتہ داروں کو گردہ عطیہ کرنے والے افراد میں شیلڈ بھی تقسیم کیں۔