جرمنی میں منعقدہ ریلی کے شرکاء کا تنازعہ کشمیر کے پرامن حل پر زور

اقوام متحدہ اور یورپی یونین تنازعہ کشمیر کے پرامن حل میں سہولت فراہم کرکے جنوبی ایشیا میں جاری کشیدگی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں

اتوار 17 مارچ 2019 12:55

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2019ء) جرمنی کے شہربرلن میں منعقدہ ایک ریلی کے شرکاء نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور یورپی یونین پر زوردیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل میں سہولت فراہم کرکے جنوبی ایشیا میں جاری کشیدگی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق طلباء اوریورپ میں قائم مختلف کشمیری اورپاکستانی تنظیموں سے وابستہ ارکان سمیت شرکاء بارش اور سخت سردی کے باوجودبرلن کے مرکزی علاقے میں جمع ہوئے اور پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت اورکنٹرول لائن پر بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوںکے خلاف نعرے لگائے۔

ریلی کا اہتمام کشمیر فری آرگنائزیشن نے کیا تھا۔شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی ۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے حق خودارادیت کے حصول کے لیے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی جدوجہد کی حمایت میں برلن شہر کی سڑکوں پر مارچ کیا۔ اس موقع پر کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید، کشمیر فری آرگنائزیشن کے چیئرمین ڈاکٹر صادق کیانی اور دیگر مقررین نے بڑی عالمی طاقتوں پر زوردیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے جنوبی ایشیا میں پائی جانے والی کشیدگی کوختم کرانے کے لیے اپنا کردارادا کریں۔

انہوں نے خبردارکیا کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی عدم مداخلت کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری جنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ مقررین نے اقوام متحدہ اور یورپی یونین پر زوردیا کہ وہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اورتنازعہ کشمیر کے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق پرامن حل کے لیے ضروری اقدامات کریں۔