کیا رواں ماہ سعودی عرب میں شدید سیلاب آنے والا ہے؟

امریکی بحریہ سے منسوب خبر نے سعودی عرب میں تشویش پیدا کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 مارچ 2019 16:24

کیا رواں ماہ سعودی عرب میں شدید سیلاب آنے والا ہے؟
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ 2019ء) آج کل سوشل میڈیا پر اس خبر نے شدید بے چینی پیدا کر دی ہے جس کے مطابق امریکی بحریہ نے وارننگ جاری کی ہے کہ مارچ کے مہینے میں سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں مُوسلادھار اور طوفانی بارشیں ہوں گی جن کے باعث خصوصاً سعودی عرب میں بڑے پیمانے پر سیلاب کا امکان ہے۔امریکی بحریہ سے منسوب اس خبر پر خصوصاً نشیبی علاقوں کے رہائشی بہت پریشان نظر آتے ہیں۔

تاہم محکمہ موسمیات کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ رواں ماہ کے دوران سعودی عرب میں سیلاب کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد اور حقیقت سے دُور ہیں۔ مارچ کے مہینے میں موسلا دھار بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اس ماہ کے دوران جن سعودی علاقوں میں بارش ہوئی بھی، وہ معمول سے بہت کم ہو گی۔

(جاری ہے)

محکمہ کی جانب سے صارفین کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر کان نہ دھرا کریں ۔

صارفین خبروں کی تصدیق کے لیے متعلقہ محکموں سے رابطہ کریں۔ اگر واقعی اس ماہ موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کا کوئی امکان ہوتا تو محکمے کی جانب سے اس کی ویب سائٹ کے علاوہ سوشل میڈیا کے آفیشل اکاؤنٹس پر بھی اعلان کیا جاتا اور سیلاب کی ممکنہ تباہ کاریوں سے بچنے کے لیے احتیاطی اقدامات اختیار کیے جاتے۔ تاہم محکمہ موسمیات کی جانب سے ریاض اور اس پاس کے علاقوں میں گرد و غبار کا طوفان آنے کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔ اس لیے ڈرائیور حضرات ڈرائیونگ کے وقت احتیاط سے کام لیں۔