وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے مستعفی ہونے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

پیر 18 مارچ 2019 16:55

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے مستعفی ہونے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) مسلم لیگ (ن)نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے مستعفی ہونے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی۔مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی عظمیٰ زاہد بخاری کی جانب سے جمع کروائی گئی قرار دادکے متن میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے عوام پر ہر روز مہنگائی کانیا بم گرایا جا رہا ہے۔بجلی اور پیٹرول کے بعد اب گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔

اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 9 روپے اضافہ کر دیا گیا۔ جس کے بعد ایل پی جی کا گھریلو سیلنڈر 95روپے مہنگا ہوگیا۔ ملک بھر میں ایل پی جی کے گھریلو سیلنڈر کی قیمت 1522روپے 65پیسے ہو گئی۔پی ٹی آئی حکومت کے دور میں گردشی قرضوں میں ہر روز ایک ارب 27 کروڑ 70 لاکھ روپے اضافہ ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

دس ماہ میں مجموعی گردشی قرض ایک ہزار 409 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔

حکومت نے پیٹرولیم لیوی پر اضافہ واپس لینے پر قوم سے نہ صرف جھوٹ بولا بلکہ حقیقت میں 12.12 روپے فی لیٹر پیٹرول اور 13.99 روپے فی لیٹر ڈیزل پر لیوی میں اضافہ کردیا ہے۔ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ لہذا یہ ایوان ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور غربت کا ذمہ دار وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کو ٹھہراتا ہے۔یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔