اریب کی موت کی خبر ہمارے لیے کسی دھماکے سے کم نہ تھی،والد شہید اریب

ایسا محسوس ہوتا ہے ہمارے تمام خواب چکنا چور ہوگئے، سید ایاز احمد کی گفتگو

منگل 19 مارچ 2019 18:07

کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد میں ہونے والی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے سید اریب احمد کے والد سید ایاز احمدنے کہا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے ہمارے تمام خواب چکنا چور ہوگئے۔ترک میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اریب کے ماموں مظفر خان نے کہا کہ وہ ڈیڑھ ماہ قبل اپنی بہن کی منگنی کے موقع پر پاکستان آئے تھے اور اس حوالے سے نہایت خوش تھے۔

سید اریب احمد پیشے کے لحاظ سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ تھے، انہیں پہلے ایک مقامی کمپنی میں ملازمت ملی جس کے بعد 2017 میں وہ نیوزی لینڈ چلے گئے تھے۔ان کے والد سید ایاز احمد کا کہنا تھا کہ اریب کی موت کی خبر ہمارے لیے کسی دھماکے سے کم نہ تھی، جس پر ہمیں ابتدا میں یقین ہی نہیں آیا، کیوں کہ ہمارے گمان میں نہیں تھا کہ ایسا واقعہ نیوزی لینڈ جیسے ملک میں بھی ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے والد کا کہنا تھا کہ اریب مکمل طور پر سیلف میڈ شخص تھا، جب انہیں نیوزی لینڈ سے ملازمت کی پیشکش ہوئی تو ہمیں لگا کہ اب ہمارے مشکل دن ختم ہوگئے، ہم اس کی کامیابی پر نہایت خوش تھے۔آنسو پونچھتے ہوئے اریب کے والد کا کہنا تھا کہ ہمیں نہیں معلوم تھا کہ مستقبل نے ہمارے لیے کیا سوچ رکھا ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے ہمارے تمام خواب چکنا چور ہوگئے۔