صہیونی ریاست کی طرف سے فلسطینی اسیران کو منظم جارحیت اور انتقامی کارروائی کا سامنا ہے، حماس

اسیران اپنے حقوق کی جنگ میں تنہا نہیں بلکہ پوری قوم ان کیساتھ ہے،صہیونی ریاست کے جرائم پر فلسطینی خاموش تماشائی نہیں رہیں گے، بیان

منگل 19 مارچ 2019 19:33

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) اسلامی تحریک مزاحمت نے کہا ہے کہ صہیونی ریاست کی طرف سے فلسطینی اسیران کو منظم جارحیت اور انتقامی کارروائی کا سامنا ہے۔ حماس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کو طرح طرح کے مظالم کا سامنا ہے۔ فلسطینی اسیران کی صحت اور نفسیاتی حقوق بری طرح پامال کئے جا رہے ہیں۔

فلسطینی اسیران کو صہیونی ریاست کے جبرو تشدد سے بچانے کیلئے تمام فلسطینی قوتوں کو اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔حماس کے سیاسی شعبے کے رکن موسیٰ دودین نے کہا کہ فلسطینی اسیران صہیونی ریاست کے سنگین جرائم اور مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے سلب شدہ حقوق کے حصول کیلئے جدو جہد جاری رکھی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

جیلوں میں لگائے گئے جیمرز اور دیگر آلات کے ذریعے قیدیوں کے حقوق اور ان کی پرائیویسی پر حملہ کیا جا رہا ہے۔

دودین نے کہاکہ اسرائیل کی رامون جیل میں آتشزدگی کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔ اسیران اپنے حقوق کی جنگ میں تنہا نہیں بلکہ پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔ اسیران کے خلاف صہیونی ریاست کے جرائم پر فلسطینی خاموش تماشائی نہیں رہیں گے۔ادھر حماس کے سیاسی شعبے کے ایک دوسرے رکن خلیل الحیہ نے کہا کہ موجودہ دور میں فلسطینی اسیران کے حقوق کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے جیلوں میں قید فلسطینیوں کے حقوق کی پامالیوں کی ذمہ داری اسرائیلی ریاست پرعائدکرتے ہوئے کہا کہ اسیران کو فلسطینی قوم تنہا نہیں چھوڑیگی۔

متعلقہ عنوان :