پاکستان کی مدد کیوں کی ؟ بھارتی تاجر چین سے ناراض ہو گئے

بھارتی تاجروں نے چین سے ناراضگی پر چینی مصنوعات جلا دیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 مارچ 2019 11:53

پاکستان کی مدد کیوں کی ؟ بھارتی تاجر چین سے ناراض ہو گئے
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 مارچ 2019ء) : پاکستان کی مدد کرنے پر بھارتی تاجر چین سے ناراض ہو گئے اور اسی ناراضگی میں چین کی مصنوعات بھی جلا ڈالیں۔ تفصیلات کے مطابق چین کی جانب سے جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار دیے جانے کی قراردار ویٹو کرنے اور پاکستان کی مدد کرنے پر بھارتی تاجروں کی تنظیم (سی اے آئی ٹی) نے ہولی سے قبل چین کی مصنوعات کو نذر آتش کرکے احتجاج ریکارڈ کروایا۔

ملک بھر کی ٹریڈ ایسوسی ایشنز نے بھارتی دارالحکومت دہلی کے 1500 مختلف مقامات پر چینی مصنوعات جلا کر احتجاج ریکارڈ کروایا۔ سی اے آئی ٹی کے سیکریٹری جنرل پراوین کھانڈیلوال نے چین کے اقدامات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے تاجر ملکی معیشت کے چوکیدار ہیں اور اسی لیے چین کے ساتھ مزید تجارت کی حوصلہ افزائی نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی تاجر ہر اس ملک کے خلاف ہیں جو بھارت کی قومی سلامتی کیخلاف ہے۔ سی اے آئی ٹی کی اپیل پر ملک بھر کے تاجروں نے چینی اشیاء کو نذر آتش کیا۔نئی دہلی میں چینی مصنوعات کا مرکز سمجھے جانے والے صدر بازار میں شہر کے مختلف حصوں سے آنے والے ہزاروں تاجروں نے احتجاج کیا، پاکستان کی مدد کرنے پر چین کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

سی اے آئی ٹی کے صدر بی سی بھارتیہ اور کھانڈیلوال نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چین سے درآمدات فوری طور پر کم کی جائیں، حکومت چینی مصنوعات پر 300 سے 500 فیصد تک درآمدی ڈیوٹی عائد کرے اور بھارتی بندرگاہوں پر چینی مصنوعات کی سخت مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جن کے پاس چینی مصنوعات ہیں وہ ضبط کرکے انہیں 50 فیصد کم نرخوں پر نیلامی کے ذریعے فروخت کیا جائے۔

یاد رہےکہ گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں چین نے مسعود اظہر کو عالمی دہشتگرد قرار دینے کی بھارتی قراردار کو آخری لمحے میں ویٹو کر دیا تھا ۔ اور ایسا گذشتہ دہائی میں چوتھی مرتبہ ہوا ہے۔چین نے اپنے حالیہ مؤقف میں کہا کہ مسعود اظہر سے متعلق قرارداد کو تکنیکی بنیادوں پر روکا گیا ہے تاکہ اس معاملے پر مزید غور کرکے ہی کوئی قدم اُٹھایا جاسکے ۔ چین کی جانب سے بھارت کی قرارداد کو ویٹو کرنے سے بھارت کو سفارتی محاذ پر ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔