ملکی ترقی اور خوشحالی میں تعلیمی ادارے ریڑھ کی ہڈی حیثیت رکھتے ہیں، ڈپٹی کمشنر خیرپور

بدھ 20 مارچ 2019 21:50

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) ملکی ترقی اور خوشحالی میں تعلیمی ادارے ریڑھ کی ہڈی حیثیت رکھتے ہیں قوم کے معماروں کو تعلیم یافتہ اور ان کے مستقبل کو تابناک بنانے کے لیے مثبت راہیں تلاش کرنا ہم سب کا اولین فرض ہے اساتذہ، تعلیمی افسران، سماجی تنظیموں کے نمائندے اور دیگر متعلقہ افراد اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد نعیم سندھو نے ڈی سی آفس کے دربار ہال خیرپو ر میں تعلیم نصاب، اداروں کے کردار، اساتذہ اور افسران کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلا س میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خیرپور ون ریاض حسین وسان سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی سی خیرپور نے کہا کہ نوبل کاز کے تحت تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے، ملکی، صوبائی اور ضلعی سطح پر حدف کا سامنے رکھ کر اسکولوں کے ہیڈ ماسٹر، اساتذہ، سماجی تنظیموں کے نمائندے اور اسٹیک ہولڈرز کو سنجیدگی کے ساتھ پیشہ وارانہ خدمات ادا کرنا ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ کاپی کلچر معاشرے کے لیے زہر قاتل ہے جس کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا کاپی کلچر میں ملوث سرکاری اور غیر سرکاری افراد کو معاف نہیں کیا جائے گا بلکہ معاشرے میں ایسے افراد کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے ان کو دیدہ عبرت بنایا جائے گا۔ ڈی سی خیرپور نے محکمہ تعلیم کے افسران، اسکولوں کے اساتذہ، ہیڈ ماسٹرز، سماجی تنظیموں کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے پیشے سے سچائی کرتے ہوئے قوم کے معماروں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرتے ہوئے کاپی کلچر کے خاتمے میں تعاون کریں تاکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے طلبہ اپنی کاوشوں کو بروئے کار لاکر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور پاکستان کا نام روشن کریں۔

اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران سمیت دیگر تمام شرکاء اجلاس نے ڈی سی خیرپور کو تفصیل سے بریفنگ دی اور اپنی تجاویز، سفارشات، شکایات سے آگاہ کیا جس پر ڈی سی خیرپور نے یقین دہانی کرائی کہ اس سلسلے میں غور و خوص کرتے ہوئے صوبائی محکمہ تعلیم اور چیف سیکریٹری سندھ سے اصلاحات پر بات کی جائے گی تاکہ کاپی کلچر فری مہم کو انجام تک پہنچایا جاسکے۔