تھرکول سے بجلی کی پیداوار ملک کی بڑی کامیابی ہے‘ڈاکٹر مرتضیٰ مغل

ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار متوجہ ہو گئے ‘شرکت کا امکان ہے ‘ 175ارب ٹن کے ذخائرملکی تقدیر بدلنے کیلئے کافی ہیں:صدر پاکستان اکانومی واچ

جمعرات 21 مارچ 2019 21:09

ِاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2019ء) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ سالہا سال کی محنت کے بعد تھرکول سے بجلی کی پیداوار بڑی کامیابی ہے۔ابتدائی طور پر تین سو تین میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کر لی گئی ہے جبکہ ایک مہینے کے اندر پیداوار میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔اس سلسلہ کو جاری رکھنے سے درامدی تیل اور گیس پر انحصار کم ہوتا چلا جائے گا اور ملک کو کم از کم چھ ارب ڈالر سالانہ کی بچت ہو گی۔

ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی اس کامیابی سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار تھر کی جانب متوجہ ہو گئے ہیں اور اس ضمن میںبھاری سرمایہ کاری کا امکان موجود ہے۔ تھر میں موجود کوئلے کے 175ارب ٹن کے ذخائر سے توانائی کا بحران مکمل طور پر ختم کر کے جی ڈی پی شرح میں چار فیصد اضافہ ممکن ہے جبکہ بجلی کی برامد سے کروڑوں ڈالر کا زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے جس سے ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔

(جاری ہے)

توانائی بحران پاکستان کے اہم مسائل میں شامل ہے جس نے ترقی کا راستہ روک رکھا ہے گرمیوں میں طویل لوڈ شیڈنگ سے عوام کی پریشانی میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔بجلی کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے نمٹنے کے لئے بجلی کی پیداوار میں تیزی سے اضافہ کرنے کی ضرورت ہے جبکہ بجلی کی تقسیم اور ترسیل کے نظام کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ بجلی کے شعبہ کے نقصانات اور چوری روکنے کے لئے بھی معنیٰ خیز اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام اور صنعتی شعبہ کو سستی بجلی فراہم کی جا سکے اور صنعتی وزرعی ترقی کی راہ ہموار ہو جس سے بے روزگاری بھی ختم ہو جائے گی۔ ۔۔۔