وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں موٹروے کا ایک نیا روٹ تعمیر کرنے کا فیصلہ

سی پیک منصوبے کے تحت بلوچستان کے شہروں کوئٹہ سے ژوب تک موٹروے کی تعمیر کیلئے 67 ارب 63 کروڑ کا منصوبہ حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 21 مارچ 2019 23:25

وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں موٹروے کا ایک نیا روٹ تعمیر کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مارچ2019ء) وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں موٹروے کا ایک نیا روٹ تعمیر کرنے کا فیصلہ، سی پیک منصوبے کے تحت بلوچستان کے شہروں کوئٹہ سے ژوب تک موٹروے کی تعمیر کیلئے 67 ارب 63 کروڑ کا منصوبہ حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے سی پیک منصوبے کے تحت ملک کے پسماندہ ترین علاقے کیلئے موٹروے تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار کی زیر صدارت سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزارت مواصلات کے مغربی روٹ کوئٹہ تا ژوب سیکشن کا منصوبہ منظور کرلیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں 91 کروڑ روپے لاگت کے 2 منصوبے منظور کرلئے گئے جبکہ 96 ارب روپے لاگت کے 3 منصوبے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیے گئے۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے ژوب تک تعمیر کی جانے والی شاہراہ موٹروے طرز کی ہوگی۔ اس منصوبے پر کل 67 ارب 63 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ منصوبہ منظوری کیلئے ایکنک کو بھجوا دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر خسرو بختیار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے سی پیک کے تحت مغربی راستوں کی تعمیر کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔