پریانکا چوپڑا کی ٹیم سوشل میڈیا پر مجھے نشانہ بنا رہی ہے‘ ارمینا خان

بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کے خلاف پٹیشن شروع کی اور نہ ہی میں کسی کی خیرسگالی سفیر ہوں‘اداکارہ

جمعہ 22 مارچ 2019 12:04

پریانکا چوپڑا کی ٹیم سوشل میڈیا پر مجھے نشانہ بنا رہی ہے‘ ارمینا خان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) پاکستانی اداکارہ ارمینا خان نے کہا ہے کہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی ٹیم ان کو سوشل میڈیا پر نشانہ بنارہی ہے۔ارمینا خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’’ ٹیم پریانکا مجھ پر جعلی اکائونٹس سے حملہ کر رہی ہے، ایمانداری کی بات ہے کہ یہ بہت ہی کم ظرف لوگ ہیں‘‘۔ارمینا خان نے ایک اور ٹویٹ میں بھارتی شہریوں کی جانب سے ان پر کی جانے والی تنقید کے سکرین شارٹس بھی شیئر کیے۔

ارمینا خان نے لکھا ’’ یہ سکرین شارٹ میں عارضی طور پر آپ لوگوں کی تفریح کیلئے شیئر کررہی ہوں، یہ سب کچھ مجھے صرف چند گھنٹوں میں موصول ہوا ہے جو کسی کیلئے بھی حیران کن ہوسکتا ہے‘‘۔ارمینا خان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نہ تو انہوں نے پریانکا چوپڑا کے خلاف پٹیشن شروع کی اور نہ ہی وہ کسی کی خیرسگالی سفیر ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 26 فروری کو بھارتی فضائیہ نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تو متعدد بھارتی اداکاروں کی طرح پریانکا چوپڑا نے بھی اس کی تعریف کی تھی۔

بالی ووڈ اداکارہ اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر ہیں اور ان کے اس رویے کے باعث پاکستانیوں نے ان کے خلاف پٹیشن شروع کی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ پریانکا چوپڑا کو اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر کے عہدے سے ہٹایا جائے۔پریانکا چوپڑا نے بھارتی فضائیہ کے پاکستان میں دراندازی پر جے ہند کا نعرہ لگایا تو ارمینا خان نے اس پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا تھا کہ پریانکا تو یونیسیف کی خیر سگالی سفیر نہیں ہیں ۔ ارمینا خان نے لوگوں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ پریانکا کے ٹویٹ کا سکرین شارٹ لے کر رکھ لیں تاکہ جب بھی پریانکا امن اور خیر سگالی کی بات کریں تو انہیں ان کی منافقت دکھائی جاسکے۔