ڈالر کی قدر میں اضافے کی وجہ افواہیں اور سٹے بازی

آئی ایم ایف کے دباؤ پرروپے کی قدرگرانے کی افواہیں پھیلانے میں سٹے بازسرگرم ہیں جس کی وجہ سے روپے کی قدر میں کمی آئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 مارچ 2019 11:52

ڈالر کی قدر میں اضافے کی وجہ افواہیں اور سٹے بازی
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 مارچ 2019ء) : ڈالر کی قدر میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ڈالر کی قدر میں 67 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 140 روپے سے بھی تجاوز کر گئی۔ زرمبادلہ کے ذخائرمستحکم ہونے کے باوجود ڈالر کی قدر میں اضافے اور پیسے کی قدر میں کمی کی وجہ افواہوں اورسٹے بازیکو قرار دیا گیا ہے جس کے باعث اوپن مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدربڑھ گئی جبکہ یورو،برطانوی پاؤنڈ اوردیگرکرنسیوں کی قدرمیں بھی غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالرموصول ہونے کے باعث زرمبادلہ ذخائرمستحکم ہوکر15 ارب ڈالرسے بڑھ چکے ہیں جبکہ چین سے بھی 2.1 ارب ڈالر ملنے کی اطلاعات ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق تجارتی خسارے میں بھی گذشتہ ماہ کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ بیرونی ادائیگیوں کا توازن بھی پہلے سے بہترہوگیا ۔ اس کے باوجود مقامی کرنسی مارکیٹوں میں آئی ایم ایف کے دباؤ پرروپے کی قدرگرانے کی افواہیں پھیلانے میں سٹے بازسرگرم ہیں جس کے باعث گذشتہ چارروزسے امریکی ڈالرکی قدرمیں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔

اس حوالے سے فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گذشتہ روزانٹربینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدرمیں77 پیسے کا نمایاں اضافہ ہوا جس سے امریکی ڈالرکی قیمت خرید 140.30 اورقیمت فروخت 140.40 روپے ہوگئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدرمیں 1.10 روپے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالرکی قیمت خرید 140.80 اور قیمت فروخت 141.30 ہوگئی۔ یورو کی قیمت خرید 70پیسے اضافے سے 159 اورقیمت فروخت 160.75 روپے ،برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید 1.50روپے کے اضافے سے 184 اورقیمت فروخت 185.80روپے ہوگئی۔ سعودی ریال کی قیمت خرید 37.25 اورقیمت فروخت 37.55 جبکہ یواے ای درہم کی قیمت خرید 38.20 اورقیمت فروخت38.50 روپے ہوگئی البتہ چینی یوآن کی قیمت مستحکم رہی۔