یوم پاکستان کو منانے کا مقصد نئی نسل کو بانیان پاکستان کی جدو جہد سے روشناس کرانا ہے

ضلع جہلم میں 23 مارچ یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منایا گیا، مرکزی تقریب فیملی پارک/کمپنی باغ ڈی سی کمپلیکس میں صبح8:55پر منعقد ہوئی ، ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کیپٹن سید حماد عابد،رکن قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ظفر اقبال سمیت ضلعی افسران نے پرچم کشائی کی تقریب میں حصہ لیا

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 23 مارچ 2019 18:31

یوم پاکستان کو منانے کا مقصد نئی نسل کو بانیان پاکستان کی جدو جہد سے ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ2019ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھو کھر) ضلع جہلم میں 23 مارچ یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منایا گیا، مرکزی تقریب فیملی پارک/کمپنی باغ ڈی سی کمپلیکس میں صبح8:55پر منعقد ہوئی ، ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کیپٹن سید حماد عابد،رکن قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ظفر اقبال سمیت ضلعی افسران نے پرچم کشائی کی تقریب میں حصہ لیا،پولیس اور ریسکیو 1122 کے چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔

تقریب میں سرکاری سکولوں کے بچوں اور نجی کالج کے طلبہ نے ٹیبلو اور ملی نغمے پیش کرکے شرکاء سے زبردست داد حاصل کی۔ ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ اور رکن قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے کہا کہ 23مارچ1940کو قائد اعظم محمد علی جناح کی زیر صدارت لاہور کے جلسہ میں قرار دادپاکستان نے برصغیر کے مسلمانوں کی تحریک کیلئے ایک نئی راہ متعین کر دی اور محض سات سال کی جدوجہد کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ایک آزاد اسلامی ریاست کا وجود عمل میں آگیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کیپٹن سید حماد عابد نے کہا کہ جہلم کو امن کا گہوارہ بناے رکھنے کے لئے پولیس اور سول سوسائٹی مل کر کام کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے ہمیں رنگ و نسل، صوبائیت، لسانی تعصبات سے بالاتر ہوکر کا م کرنا ہے ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میسم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید نزارت علی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، سی ای او ایجوکیشن سید مظہر اقبال، ڈی ڈی ایل جی ظفر محمود گوندل، انچارج ریسکیو 1122 ڈاکٹر فیصل، ڈی ایس پی سٹی محمد فیصل اور دیگر افسران موجود تھے ۔

ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ، ایم این اے چوہدری فرخ الطاف اور ایم پی اے ظفر اقبال نے شرکاء سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم پاکستان کو منانے کا مقصد نئی نسل کو بانیان پاکستان کی جدو جہد سے روشناس کرانا ہے اور پوری قوم کو اعادہ کرنا ہوگا کہ وطن عزیز کو مضبوط، خوشحال بنانے کیلئے ہم سب دل و جان اور ہر قسم کے مفادات سے بالاتر ہوکر کام کریں گے ۔

دریں اثناء یوم پاکستان کے حوالے سے چاروں تحصیلوں میں بھی تقاریب کا انعقاد کیا گیا، اسی طرح مختلف اداروں میں بھی 23 مارچ کو منایا گیا۔ تقریب میں ڈی سی جہلم نے ڈی ڈی ایل جی، ضلع کونسل اور دیگر محکموں کو ہفتہ صفائی مہم میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر زبردست سراہا اور آخر میں نیوزی لینڈسانحہ میں ہونے والے مسلمان شہدوں کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا قاری عبدالباسط نے کروائی۔