جمہوریت کی حقیقی معنوں میں خدمت پیپلز پارٹی نے ہی کی ہے،عزیز الرحمن چن

ہفتہ 23 مارچ 2019 20:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ 23 مارچ کا دن تجدید عہد کا دن ہے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم معاشرے کو جمہوری بنائیں۔

(جاری ہے)

جمہوریت کی حقیقی معنوں میں خدمت پیپلز پارٹی نے ہی کی ہے جس کے لئے پیپلز پارٹی نے قربانیاں دے کر تاریخ رقم کی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز سیکرٹریٹ پنجاب میں یوم پاکستان اور بیگم نصرت بھٹو کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نظریہ پاکستان کی جڑوں پر کلہاڑا مارنے کی اجازت نہیں دے گی۔

پیپلز پارٹی نظریہ پاکستان اور قرارداد پاکستان کی حقیقی معنوں میں علمبردار ہے پیپلز پارٹی پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنا کر دم لے گی۔ شہید بھٹو اور شہید بی بی نے پرامن، ترقی پسند اور خوشحال پاکستان بنانے کے لئے طویل جدوجہد کی اوراس جدوجہد کے نتیجے میں انہیں اپنی جان کا نذرانہ دینا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی مادرِ جمہوریت نصرت بھٹو کی کی جدوجہد و قربانیوں کی وارث ہے پیپلز پارٹی ہر حالت میں عوامی حقوق، جمہوریت اور رواداری کے لئے آواز اُٹھاتی رہے گی۔