پاکستان کا قیام تاریخِ انسانی کا ایک عظیم واقعہ ہے،مشتاق غنی

پاکستان کا بچہ بچہ اپنے ملک پر جان دینے کے لیے تیار ہے،جب بھی ملک پر مشکل وقت آتا ہے سب قوم بن کر سلطنت کا تحفظ کرتے ہیں، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

پیر 25 مارچ 2019 19:11

پاکستان کا قیام تاریخِ انسانی کا ایک عظیم واقعہ ہے،مشتاق غنی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام تاریخِ انسانی کا ایک عظیم واقعہ ہے۔مسلمانان ہند کی سال ہا سال کی قربانیوں، علامہ اقبال کی دور اندیشی اور قائد اعظم کی ولولہ انگیز اور با بصیرت قیادت کا ثمر تھا کہ انگریزوں کی سازشوں اور ہندوؤں کی ریشہ دوانیوں کے باوجود مسلمانان برصغیر کی سالوں کی محنت کے نتیجے میں کرہ ارض پر ایک اسلامی مملکت قائم کرنے کا معجزہ کر دکھایا جس کہ بنیاد کلمہ طیبہ تھی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے دوحہ قطر میں یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔تقریب کا انعقاد قطر میں پاکستانی سفارتخانے اور سمندر پار پاکستان تحریک انصاف نے مشترکہ طور پر کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر معاون خصوصی برائے سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش بھی موجود تھے۔مشتاق احمد غنی نے کہاکہ یہ ملک اتنی آسانی سے حاصل نہیں ہوا، علامہ اقبال نے خواب دیکھا تھا کہ ایک ارض مقدس ہو جہاں انسانیت اپنی پوری آب و تاب سے جلوہ گر ہو، جہاں لوگوں کو ان کے حقوق ملیں۔

انھوں نے کہا ہم خوش قسمت لوگ ہیں جن کو اللہ تعالیٰ نے آزادی جیسی نعمت سے ہم کنار کیا۔جس مقصد کے لیے یہ ملک حاصل کیا گیا وہ یہ تھا کہ ہم ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح رہیں گے، ہم میں رنگ و نسل کی تفریق نہیں ہو گی اور نہ ہم عقائد میں تقسیم ہوں گے، ہم میں نہ کوئی بریلوی یا دیوبندی ہوگا اور نہ سندھی یا پنجابی ہو گابلکہ ہماری پہچان صرف ایک پاکستان ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ اپنے ملک پر جان دینے کے لیے تیار ہے۔جب کبھی بھی اس ملک پر مشکل وقت آتا ہے سب ایک قوم بن کر سلطنت کا تحفظ کرتے ہیں اور اس سر زمین کی خاطر کسی بھی طرح کی قربانی سے گریز نہیں کرتے۔جس کی مثال حالیہ پاک بھارت کشیدگی ہے جس میں پاکستان نے ایک مضبوط قوم بن کر دشمن کو اس کے ناپاک عزائم میں بری طرح ناکام کیا۔مشتاق احمد غنی نے آرگنائزرز کو کامیاب تقریب منعقد کرنے پر سراہا اور امید ظاہر کی کہ ملک کا نام روشن کرنے میں پاکستانی چاہے دنیا کے کسی بھی کونے میں مقیم ہوں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔