لوگ چغلی کو برا کہتے ہیں مگر اس کی تعریف سے واقف نہیں ، علا مہ محمد الیاس عطار قادری

کسی کو نقصان پہنچانے یافساد کروانے کی نیت سے کسی کی بات دوسرے تک پہنچانا چغلی ہے ،امیراہلسنت

پیر 25 مارچ 2019 23:52

لوگ چغلی کو برا کہتے ہیں مگر اس کی تعریف سے واقف نہیں ، علا مہ محمد الیاس ..
ًکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2019ء) امیر اہل سنت حضرت علا مہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا ہے کہ لوگ چغلی کو برا کہتے ہیں مگر اس کی تعریف سے واقف نہیں ہیں ،کسی کو نقصان پہنچانے یافساد کروانے کی نیت سے کسی کی بات دوسرے تک پہنچانا چغلی ہے ،جھوٹ غیبت ،چغلی یہ معاشرے کے ناسور ہیں اگر علم دین حاصل کرکیاور ان گناہوں سے بچتے رہیں گے تو یقینا معاشرہ بہتری کی طرف گامزن ہوگا، غیبت کرنے والا توبہ کرے ،جس کی غیبت کی ہے اگر اسے معلوم ہوگیا تو اس سے معافی مانگنی ہوگی۔

ان خیالات کا اظہا انہوں نے بذریعہ ویڈیو لنک مدنی مذاکرے سے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ والدین کی اطاعت پر گفتگو کرتے ہوئے امیر اہل سنت نے کہا کہ والدین کی تعظیم اور ان کی اطاعت ہر صورت کی جائے اور یہ ان کا حق ہے کہ اولاد انکا احترام کرے اورانکی اطاعت کرے ،اگر آپ ان کی اطاعت وتعظیم کریں گے تو آپ کی بات مانی جائے گی اگر سخت رویہ ہوگا تو معاملات خراب ہوسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

مدنی مذاکرے سے دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن ونگران باب المدینہ کراچی حاجی محمد امین عطاری نے کہا کہ وہ شخص بڑا خوش نصیب جو اس فانی دنیا میں نیک اعمال کی صورت میں ہمیشہ رہنے والی آخرت کی تیاری کر جائے اگر اللہ پاک کی رحمت شامل حال رہے تو نیک اعمال کی برکت سے قبر بھی بہتر ہوگی اور آخرت میں بھی بیڑا پار ہوگا اور ہنستے مسکراتے پیارے آقا ﷺ کے پیچھے پیچھے جنت میں داخل ہوجائیں گے ،جو اچھے اعمال کرے گا اسے جنت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپنے آپ کو نیکیو ں میں مشغول رکھیں اللہ تعالیٰ کی رحمت قیمت نہیں بلکہ بہانہ تلاش کرتی ہے وہ کریم کرم فرمادے اور ہمیں بلاحساب جنت میں داخلہ عطا فرمادے،بظاہر معمولی دکھائی دینے والی نیکی بندے کی نجات کا سبب بن سکتی ہے اس لئے کسی بھی نیکی کو معمولی سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔اللہ کی رضا کی خاطر جو بھی نیک عمل کیا جاتا ہے وہ ضائع نہیں ہوتا اخلاص کے ساتھ کی جانے والی نیکیوں کے سبب بہت سی مصیبتوں سے بچا جاسکتا ہے۔

اس کے ذریعے اللہ پاک کی رضا حاصل ہوتی ہے۔حاجی محمد امین عطاری نے کہا کہ عقل مند وہی ہے جو آخرت کی نعمتوں کو دنیا پر ترجیح دے، آخرت میں اللہ تعالیٰ ایسی نعمتیں عطا فرمائے گا جسے کسی آنکھ نے دیکھا نہ ہی کسی پر اس کا خیال گزرا ،جو خوش نصیب نیکیوں میں مصروف رہتے ہیں اللہ کی رحمت سے امیدہے کہ اللہ تعالیٰ انہیںجنت عطا فرمائے گا۔

متعلقہ عنوان :