چوکس خواتین کا یہ گروپ 20 سالوں سے بھارتی جنگل کی حفاظت کر رہا ہے

Ameen Akbar امین اکبر پیر 25 مارچ 2019 23:51

چوکس خواتین کا یہ گروپ 20 سالوں سے بھارتی جنگل کی حفاظت کر رہا ہے

بھارتی ریاست اوڑیسا کی 75 رضاکار خواتین  گزشتہ 20 سالوں سے  75 ہیکٹر پر پھیلےہوئے جنگل  کی حفاظت کے لیے روز گشت کرتی ہیں۔ وہ لکڑ ہاروں اور لکڑی کے سمگلروں سے جنگل کو بچاتی ہیں۔
1999ء میں بھارتی ریاست اوڑیسا میں شدید طوفان آیا تھا ۔ طوفان سے لوگوں کے گھر گر گئے اور فصلیں تباہ ہو گئیں۔ لوگوں کو کافی عرصہ تک بھوک کا سامنا کرنا پڑا۔طوفان کے بعد مہان ندی ڈیلٹا کے  پوری ضلع کے گوندالبا گاؤں کے   لوگوں کو احساس ہوا کہ اس طوفان میں وہ  جنگل  اور مینگروز کے علاقے کی وجہ سے زندہ رہے ہیں۔

جنگل نے طوفان سےا ُن کی حفاظت کی ہے۔طوفان کے بعد گاؤں والوں نے  ہر قیمت پر جنگل کی حفاظت کا بیڑا اٹھایا لیکن گاؤں کے مرد اپنے گھر بار تعمیر کر رہے تھے، اس وجہ سے جنگل کی حفاظت کا  ذمہ گاؤں کی خواتین کو اٹھانا پڑا۔

(جاری ہے)

گاؤں کی خواتین نے فوری طور پر چوکس خواتین کا ایک گروپ ترتیب دیا۔ یہ گروپ 20 سالوں سے جنگل  کو لکڑہاروں اور لکڑی کے سمگلروں سے بچا رہا ہے۔


گاؤں کی خواتین دن میں دو بار 75 ہیکٹر پر پھیلے اس جنگل میں گشت کرتی ہیں۔ وہ ایک بار صبح گھر کے کام ختم کرنے کے بعد جنگل میں گھوم کر آتی ہیں اور پھر دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد بھی جنگل کا ایک چکر لگاتی ہیں۔جنگل میں گشت کرتے ہوئے یہ خواتین اپنی سیٹیاں بجاتی رہتی ہیں اور اپنے بانس کے ڈنڈوں کو درختوں پر مارتی ہیں۔ یہ لکڑہاروں اور لکڑی کے سمگلروں  کو وہاں سے بھاگنے کی وارننگ ہوتی ہے۔


2001ء میں گوندالبا گاؤں کی 70 خواتین نے جمع ہوکر خواتین کی فارسٹ پروٹیکشن کمیٹی بنائی تھی۔ اس کمیٹی میں ہر گھر سے خواتین شامل تھیں۔ یہ خواتین دوسرے گاؤں میں بھی جاتی اور لوگوں کو جنگل کی  اہمیت کے بارے بتاتیں۔ ارد گرد کے گاؤں کے  لوگ کھانے پکانے کے لیے جنگل سے لکڑیاں چنتے تھے۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے اس کمیٹی نے ہر گاؤں کے لیے مہینے میں کچھ دن مختص کر دئیے۔

ان دنوں میں صرف مخصوص گاؤں کے لوگ ہی جنگل سے ضرورت  کی لکڑیا ں چن سکتے  ہیں۔
جنگل کی حفاظت پر مامور خواتین جنگل سے غیر قانونی طور پر لکڑیاں کاٹنے والے کئی لوگوں کو گرفتار کرا چکی ہیں۔خواتین نے ہی ان لوگوں کے خلاف مقدمات درج کرائے ہیں۔ پہلے تو خواتین اپنی لاٹھیوں سے لکڑی کے سمگلروں کو ڈراتی تھیں لیکن آج کل موبائل کی وجہ سے  وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلع کر دیتی ہیں۔


جنگل میں گشت کرنے والی خواتین کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے جنگل میں گشت کرتے ہوئے وہ کبھی نہیں ڈریں، کیونکہ یہ جنگل اُن کے گھر کا ہی حصہ ہے۔
ان خواتین کی کوششوں سے جنگل  دوبارہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ یہاں پر بہت سے پرندے اور جانور آ گئے ہیں ۔ جنگل میں اب اتنے زیادہ ہرن ہوگئے ہیں، کہ خوراک کے لیے گاؤں والوں کی فصلوں میں گھس جاتے ہیں۔

چوکس خواتین کا یہ گروپ 20 سالوں سے بھارتی جنگل کی حفاظت کر رہا ہے

متعلقہ عنوان :