چار سال کی بچی کے غلط آپریشن کی خبر بے بنیاد اور من گھڑت ہے

ایم ڈی ایوب ٹیچنگ ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر احسن اورنگزیب

منگل 2 اپریل 2019 13:49

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2019ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احسن اورنگزیب نے آرتھوپیڈک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کئے گئے چار سال کی بچی کے غلط آپریشن کی خبر کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیدیا، سوشل میڈیا اور چند الیکٹرانک میڈیا پر چلنے والی خبر جس میں کہا گیا ہے کہ بچی کی بائیں ٹانگ کا آپریشن کرنے کی بجائے دائیں ٹانگ کا آپریشن کر کے اسے زندگی بھر کیلئے معذور کر دیا گیا ہے، من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔

یہاں بچی کی بیماری کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بچی ہمارے آرتھوپیڈک ڈیپارٹمنٹ میں لائی گئی جس کی ٹانگ میں پیدائشی نقص تھا اور دائیں ٹانگ کا جوڑ اپنی جگہ پر نہیں تھا جس کی وجہ سے بچی کی دائیں ٹانگ لمبی تھی اور وہ لڑکھڑا کر چلتی تھی، ڈاکٹرز نے سرجری کر کے دائیں ٹانگ کے جوڑ کو فکس کرنا تھا جس سے اس کی ٹانگ کا مسئلہ ختم ہو جاتا، اس بچی کو ٹھیک کرنے کیلئے ’’ڈی ڈی ایچ‘‘ کا عمل کیا جاتا ہے، عمل کے پہلے حصہ میں ٹانگ کے باہر کے حصہ میں ایک پن ڈالی گئی ہے جو اس کی ٹانگ کو سیدھا کرنے کیلئے ڈالی گئی، یہ پن اس لئے ڈالی گئی تا کہ پٹھوں کو نرم کیا جا سکے، اصل آپریشن دو ہفتہ بعد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ ڈاکٹروں نے غلط آپریشن کر کے غلط ٹانگ میں راڈ ڈال دیا ہے، بالکل جھوٹی ہے، بچی کا کوئی آپریشن نہیں ہوا، بچی کے والدین یہ اصرار کر رہے ہیں کہ بچی کی بائیں ٹانگ کا آپریشن کرنا چاہئے تھا جبکہ ڈاکٹرز نے دائیں ٹانگ کا آپریشن کر دیا ہے جس کا جوڑ پہلے سے علیحدہ تھا۔ ڈاکٹر احسن اورنگزیب نے کہا کہ یہ عمل بالکل درست کیا گیا ہے، پوری دنیا میں کسی بھی ہسپتال میں علاج کیلئے یہی عمل کیا جاتا ہے۔

آرتھوپیڈک ڈاکٹر شعیب زرداد نے بھی میڈیا اور بچی کے لواحقین کو باقاعدہ بریفنگ دی اور بچی کے رشتہ داروں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ غلط فہمی میں ان سے غلط بیانی ہوئی ہے۔ میڈیکل ڈائریکٹر نے تمام میڈیا چینل سے اپیل کی ہے کہ کوئی بھی خبر چلانے سے پہلے ادارہ کا موقف لے لیا کریں، بے بنیاد اور من گھڑت خبروں پر ادارہ اور ڈاکٹرز کو بدنام کرنا سراسر زیادتی ہے۔