ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی کی ضمانت منظور

لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بنچ نے حینف عباسی کو رہا کرنے کا حکم دے دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 11 اپریل 2019 14:10

ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی کی ضمانت منظور
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 اپریل 2019ء) : ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں لاہور ہائی کورٹ نے ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی کی ضمانت منظور کر لی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایفی ڈرین کیس میں ن لیگی رہنما حنیف عباسی کی ضمانت منظور ہوگئی ہے۔لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے حنیف عباسی کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس سرفراز ڈوگر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے حنیف عباسی کی ضمانت منظور کی۔

لاہور ہائی کورٹ نے حنیف عباسی کی سزا معطل کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ برس ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں لیگی رہنما حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت سے سزا یافتہ ہونے پر حنیف عباسی الیکشن لڑنے کے لیے نااہل ہوئے۔

(جاری ہے)

حنیف عباسی این اے 60 راولپنڈی سے شیخ رشید کے مقابلے میں الیکشن لڑ رہے تھے۔

راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماء حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا سنا دی جبکہ دیگر سات ملزمان کو بری کردیا تھا۔ واضح رہے کہ حنیف عباسی پر پانچ سو کلو گرام ایفی ڈرین کا کوٹہ ادویات بنانے کیلئے حاصل کر کے منشیات اسمگلروں کو فروخت کرنے کا الزام تھا۔ انٹی نارکوٹکس فورس نے لیگی رہنماء، ان کے بھائی اور فارماسیوٹیکل کمپنی کے افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ 6 سال جاری رہنے والے مقدمے کی سو سے زائد سماعتیں ہوئیں، لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل مسترد ہوچکی تھی۔ ملزمان میں حنیف عباسی، غضنفر، احمد بلال، عبدالباسط، ناصر خان، سراج عباسی، نزاکت، محسن خورشید شامل تھے۔