وزارت قومی صحت ڈینگی کی روک تھام کے بروقت اور پیشگی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہی ڈینگی بخار سے نبرد آزما ہونے اور اس کے تدارک کیلئے فوری پلان ترتیب دیں

وفاقی وزیر صحت عامر محمودکیانی کا ڈینگی کی روک تھام اور تدارک بارے دیہی علاقہ ترلائی اسلام آباد میں آگاہی مہم سے خطاب

جمعرات 11 اپریل 2019 18:58

وزارت قومی صحت ڈینگی کی روک تھام کے بروقت اور پیشگی اقدامات کو یقینی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2019ء) وفاقی وزیر صحت عامر محمودکیانی نے کہا ہے وزارت قومی صحت ڈینگی کی روک تھام کے بروقت اور پیشگی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے، وزارت قومی صحت نے اس سلسلہ میں تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈینگی بخار سے نبرد آزما ہونے اور اس کے تدارک کیلئے فوری پلان ترتیب دیں، ہسپتال لاروا خاتمہ کے اقدامات، تشخیص کی سہولت، بیڈز اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے یہ بات ڈینگی کی روک تھام اور تدارک بارے دیہی علاقہ ترلائی اسلام آباد میں آگاہی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے لیڈی ہیلتھ ورکر ز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ ہر مہم میں اپنا کردار ادا کرتی ہیں، محکمہ صحت کو ان پر فخر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کونسلرز اور عوامی نمائندے اس مرض کے تدارک کیلئے محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں، گھر کے اندر اورگھروں کے باہر پانی کھڑا نہ ہونے دیں، پانی کے برتن مثلاً گھڑے، مٹکے، ڈرم، حمام اور ٹینکی کو اچھی طرح سے ڈھانپ کر رکھیں، ٹائر شاپس، کباڑ خانوں کے بارے میں جو ہدایات ہیں ان پر عمل کریں۔

گھروں میں کھڑکیوں میں جالیاں لگوائیں اور دروازوں پر سپرنگ تاکہ مچھر آسانی سے گھروں کے اندر نہ جا سکے۔ بچے پورے بازو کے کپڑے پہنیں تاکہ مچھر کے کاٹنے سے بچ سکیں، اگر بخار اور جسم میں شدید درد ہو تو قریبی ہسپتال میں جا کر ڈینگی مرض کی تشخیص کرائیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں مکمل علاج کی مفت سہولت موجود ہے۔ وزارت صحت نے اس ضمن میں تمام ہسپتالوں اور صحت کے اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اس سال ڈینگی کے مرض کے نمودار ہونے سے پہلے تمام تر حفاظتی اقدامات کر لئے جائیں جن کی وجہ سے مرض کی شدت کم سے کم ہو۔

محکمہ صحت کی ٹیمیں اس بارے میں مرض کے نمودار ہونے سے پہلے ہی گھر گھر جا کر آگاہی پھیلا رہی ہیں کہ اس مرض سے کیسے بچا جا سکے اور مچھر کی افزائش کی جگہوں کو تلف کریں۔