وزیراعلیٰ جام کمال خان کی زیرصدارت اجلاس، دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف کاروائیوں کو مزید موثر بنانے کا فیصلہ

جمعہ 12 اپریل 2019 23:55

وزیراعلیٰ جام کمال خان کی زیرصدارت اجلاس، دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں ..
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2019ء) ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت ہزارگنجی کے دہشت گردی کے واقعہ کے تناظر میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف جاری کاروائیوں کو مزید موثر بنانے اور دیرپا اور مستقل بنیادوں پر امن کے قیام کو ہرصورت یقینی بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

اجلاس میں کوئٹہ شہر کے سیکیورٹی پلان کا بھی تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے سے اتفاق کیا گیاہے، صوبائی وزراء میر ضیاء اللہ لانگو، میر نصیب اللہ مری، سردار عبدالرحمن کھیتران، میر محمد خان لہڑی، عبدالخالق ہزارہ، رکن صوبائی اسمبلی اصغر خان اچکزئی، چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، ایڈیشنل آئی جی پولیس، ڈی آئی جی کوئٹہ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی کوئٹہ نے اجلاس کو دہشت گردی کے واقعہ پر بریفنگ دی جبکہ انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف جاری کاروائیوں اور اب تک حاصل ہونے کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا، اجلاس میں اس امر سے اتفاق کیا گیا کہ ملک اور صوبے میں امن وامان کی بہتری قومی عزم ، سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں کے باعث ممکن ہوئی ہے اور اس صورتحال کو خراب کرنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، اجلاس میں سبزی مارکیٹ ہزارگنجی اور دیگر اہم عوامی مقامات پر ہنگامی بنیادوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سمیت امن برقرار رکھنے کے لئے بعض دیگر فیصلے بھی کئے گئے، اجلاس میں شہداء کے لواحقین کو حکومتی پالیسی کے مطابق مالی معاونت کی فوری فراہمی اور زخمیوں کا علاج معالجہ حکومتی اخراجات پر کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ صحت اور محکمہ خزانہ کو اس حوالے سے اقدا مات کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کسی کو بھی برادر اقوام وقبائل کے درمیان مذہب اور فرقے کی بنیاد پر تفرقہ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور عوام کے تعاون اور حمایت سے مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کو ہر صورت برقرار رکھاجائے گا۔