ٹائر پنکچر لگانے کے 20 روپے زائد مانگنے پر غریب محنت کش قتل کر دیا گیا

واقعہ لاہور کے علاقہ ساندہ میں واقعہ پیش آیا، قتل کر دیے جانے والا ذوالفقار بندر روڈ پر موٹر سائیکلوں کو پنکچر لگا کر اپنے اور بچوں کا پیٹ پالتا تھا

muhammad ali محمد علی جمعہ 12 اپریل 2019 22:14

ٹائر پنکچر لگانے کے 20 روپے زائد مانگنے پر غریب محنت کش قتل کر دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اپریل2019ء) ٹائر پنکچر لگانے کے 20 روپے زائد مانگنے پر غریب محنت کش قتل کر دیا گیا، واقعہ لاہور کے علاقہ ساندہ میں واقعہ پیش آیا، قتل کر دیے جانے والا ذوالفقار بندر روڈ پر موٹر سائیکلوں کو پنکچر لگا کر اپنے اور بچوں کا پیٹ پالتا تھا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ساندہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔

موٹر سائیکل پنکچر کا کام کرنے والے ایک محنت کش نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

موٹر سائیکل کا پنکچر 50 روپے کے بجائے 70 روپے کا لگانے پر گاہک نے فائرنگ کرکے ذوالفقار نامی غریب پنکچر والے کو قتل کردیا۔ اہل خانہ کا بتانا ہے کہ 25 سالہ ذوالفقار بندر روڈ پر موٹر سائیکلوں کو پنکچر لگا کر اپنے اور بچوں کا پیٹ پالتا تھا۔ کچھ روز قبل موٹر سائیکل کا پنکچر50 روپے کے بجائے 70 روپے کا لگانے پر ذوالفقار کا نامعلوم ملزمان کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا۔ جھگڑے کے بعد ملزمان نے 4 روز بعد دکان پر آکر فائرنگ کرکے ذوالفقار کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا، جبکہ جلد ہی ملزمان قانون کی گرفت میں لانے کا اعلان کیا ہے۔