سعودی ولی عہد نے معاونت کی فراخدلانہ پیش کش سے پاکستانی عوام کے دل جیت لئے ہیں

حج کوٹہ 2 لاکھ تک بڑھانے، پاکستان کو "روڈ ٹو مکہ" منصوبے میں شامل کرنے کے سعودی فیصلوں کا خیر مقدم کرتے ہیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی امام کعبہ شیخ عبداللہ عواد الجہنی سے ملاقات میں گفتگو

پیر 15 اپریل 2019 14:33

سعودی ولی عہد نے معاونت کی فراخدلانہ پیش کش سے پاکستانی عوام کے دل جیت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ تاریخ، ثقافت، روایات، عقیدے اور اقدار کے مضبوط رشتوں سے عبارت ہیں۔ انہوں نے یہ بات امام کعبہ شیخ عبداللہ عواد الجہنی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو ایوان صدرمیں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حالیہ کامیاب دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد نے پاکستانی برادری کی معاونت کے لئے اپنی فراخدلانہ پیش کش سے پاکستان کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ انہوں نے ہر سال حج اور عمرہ کرنے والے پاکستانی عازمین کی مدد پر سعودی عرب کی خدمات کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستانیوں کے لئے حج کوٹہ2 لاکھ تک بڑھانے اور پاکستان کو "روڈ ٹو مکہ" منصوبے میں شامل کرنے کے سعودی فیصلوں کا خیر مقدم کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے کو حج 2020ء میں تمام پاکستانی ہوائی اڈوں تک توسیع دی جائے گی۔ صدر نے کہاکہ سعودی عرب میں بہت بڑی تعداد میں پاکستانی برادری دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط عوامی رشتوں کی غماز ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر تصور کرتے ہیں اور سلطنت کی ترقی و خوشحالی کے لئے دلجمعی سے کام کرتے ہیں۔

انہوں نے سعودی فرمانرواں سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے برادر عوام کے لئے اپنی نیک تمنائوں کا بھی اظہار کیا۔ امام کعبہ نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ یہ عقیدے پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سعودی عرب کی طاقت ہے اور ہمارے لوگوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں۔