پاکستان ویمن فورم کویت کی جانب سے کلرز آف پاکستان رنگا رنگ ثقافتی پروگرام کا انعقاد

پاکستان ویمن فورم کویت کے زیراہتمام سفارتخانہ پاکستان کے زیر نگرانی کلرز آف پاکستان سیزن 3 رنگارنگ ثقافتی نمائش اورمحفل موسیقی کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کی ثقافت کے پہلووں کو اجاگرکیا گیا تھا

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 15 اپریل 2019 14:59

پاکستان ویمن فورم کویت کی جانب سے کلرز آف پاکستان رنگا رنگ ثقافتی پروگرام ..
کویت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اپریل2019ء،نمائندہ خصوصی،محمد عرفان شفیق،کویت) پاکستان ویمن فورم کویت کے زیراہتمام سفارتخانہ پاکستان کے زیر نگرانی کلرز آف پاکستان سیزن 3 رنگارنگ ثقافتی نمائش اورمحفل موسیقی کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کی ثقافت کے پہلووں کو اجاگرکیا گیا تھا۔

نمائش میں پاکستانی ملبوسات، جیولری،پینٹنگ، دیسی کھانوں کے سٹال کے ساتھ ساتھ پاکستانی کھُسوں، مہندی اور چوڑیوں کےسٹالز کو شامل کیا گیا تھا جو بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں میں بھی یکساں مقبول تھے اور خواتین جوق در جوق سٹالز سے خریداری کر رہی تھیں۔



نمائش کے دوسرے حصے میں اردو کے ساتھ ساتھ علاقائی نغمے بھی شامل کیے گئے تھے جو کہ پاکستانی ثقافت کے رنگ اجاگر کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں محمد خان، محمد عرفان ، ناصر عباس، جانان آفریدی اور ابراہیم نے پنجابی، پشتو اور اردو نغمے پیش کئے جنہیں سامعین نے خوب سراہا۔ظفر غوری نے اپنے مخصوص انداز میں ہارمونیم پر پرفارم کیا۔


مہمان خصوصی سفیر پاکستان غلام دستگیر اور انکی اہلیہ تھیں جنہوں نے فنکاروں کی پرفارمنس کو خوب سراہا۔ پیڑن انچیف پاکستان ویمن فورم و اہلیہ سفیر پاکستان محترمہ زیب النساء دستگیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ویمن فورم کی جانب سے لگائی جانے والی نمائش گزشتہ برسوں کی طرح اس مرتبہ بھی بہت کامیاب رہی ہے جس میں پاکستانیوں سمیت کویتی خواتین نے بھی بڑھ چڑھ کر شرکت کی ہے۔



صدر پاکستان ویمن فورم مس نادیہ محمد ارشدنے ٹیم کی انتھک محنت اور کاوشوں کو سراہا اور اسکے ساتھ ساتھ سفارتخانہ کی خصوصی کاوشوں خصوصا کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر عمر جاوید کی کاوشوں کی خصوصی تعریف کی جنہوں نے اس نمائش کو کامیاب بنانے میں پاکستان ویمن فورم کی ٹیم کا بھرپور ساتھ دیا۔

پاکستان ویمن فورم کویت کی جانب سے کلرز آف پاکستان رنگا رنگ ثقافتی پروگرام کا انعقاد