نیب نے56 کمپنیز کیس میں ایک ارب کی رقم وصول کرلی

نیب نے ایک ارب کی رقم ملزم اکرم نوید سے وصول کی ہے، چیئرمین نیب وصول شدہ رقم پنجاب حکومت کے حوالے کریں گے۔ ترجمان نیب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 15 اپریل 2019 19:26

نیب نے56 کمپنیز کیس میں ایک ارب کی رقم وصول کرلی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اپریل 2019ء) نیب نے 56 کمپنیز کیس میں ایک ارب کی رقم وصول کرلی،نیب نے ایک ارب کی رقم ملزم اکرم نوید سے وصول کی ہے، چیئرمین نیب وصول شدہ رقم پنجاب حکومت کے حوالے کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان نیب نے بتایا ہے کہ نیب نے پنجاب میں 56 کمپنیوں کے کیس میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ نیب نے چھپن کمپنیز کیس میں ایک ملزم اکرم نوید سے ایک ارب کی رقم وصول کرلی ہے۔

ملزم اکرم نوید نے نیب کو یہ رقم قانونی تقاضے پورے کرکے واپس کی ہے۔ اسی طرح نیب نے 61کروڑ کی پراپرٹی بھی پنجاب حکومت کے حوالے کردی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس رجاوید اقبال وصول شدہ رقم پنجاب حکومت کے حوالے کریں گے۔ دوسری جانب دوسری جانب چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال نے آج لاہور بیوروکا دورہ کیا، جس میں چیئرمین نیب نے شریف فیملی سے متعلق کیسز سمیت دیگر میگا کرپشن کیسز میں پیشرفت کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال لاہور میں کل پنجاب کی بیوروکریسی سے خطاب کریں گے۔اس موقع پر چیئرمین نیب ملزم اکرم نوید سے وصول شدہ رقم پنجاب حکومت کے حوالے بھی کریں گے۔ مزید برآں چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے شہباز شریف کی اہلیہ اور دونوں صاحبزادیوں کی طلبی کے نوٹسز منسوخ کر دیئے ہیں۔ نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب نے نصرت شہباز، رابعہ عمران اور جویریہ علی کو سوال نامہ بھجوانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی اہلیہ اور دونوں صاحبزادیوں کو آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں آج ہی سوال نامے ارسال کیے جائیں گے۔ نیب کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب خواتین کی حرمت، عزت اور چادر و چار دیواری کے تقدس پر مکمل یقین رکھتا ہے، شریف فیملی کے تمام کیسز کی براہ راست نگرانی چیئرمین خود کریں گے۔ نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب ’احتساب سب کے لیے‘ کی پالیسی پر سختی سے گامزن ہے، نیب کی کسی سیاسی جماعت سے وابستگی نہیں. چیئرمین نیب نے یہ بھی کہا کہ نیب کی نظر میں تمام ملزمان برابر ہیں، میگا کرپشن کے مقدمات کومیرٹ کی بنیاد پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔