Live Updates

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا ضلع مہمند کا مصروف ترین دورہ،مہمند میں پہلی بار صوبائی کابینہ کا اجلاس

روزگار سکیم کے تحت ضلع مہمند کے نوجوانوں اور خواتین کوروزگار کیلئے بلا سود قرضے دیئے جائینگے، روزگار سکیم کیلئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں صحت انصاف کارڈ سے ضلع مہمند کے تمام عوام کو صحت کی تمام سہولیات مفت فراہم کی جائینگی،وزیراعلیٰ کا مہمند میں صحت انصاف کارڈاور روزگار سکیم کا افتتاح، گندائو سمال ڈیم کا معائنہ اور جشن بہاراں سپورٹس فیسٹیول کی تقریب سے خطاب

پیر 15 اپریل 2019 20:26

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا ضلع مہمند کا مصروف ترین دورہ،مہمند میں پہلی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قبائلی ضلع مہمند میں روزگار سکیم اور صحت سہولت کارڈ کا باضابطہ افتتاح کیا ہے۔ روزگار سکیم کے تحت ضلع مہمند کے نوجوانوں اور خواتین کوروزگار کیلئے بلا سود قرضے دیئے جائیں گے ۔ روزگار سکیم کیلئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیںجبکہ رفتہ رفتہ مزید پیسے بھی اس سکیم کیلئے مختص کئے جائیں گے ۔

روزگار سکیم کے تحت غریب اور مسکین خواتین کو بھی خود روزگاری کیلئے قرضے فراہم کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صحت انصاف کارڈ سے ضلع مہمند کے تمام عوام کو صحت کی تمام سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے آج قبائلی ضلع مہمند کا مصروف ترین دورہ کیااور قبائلی ضلع مہمند کی تاریخ میں پہلی بار کابینہ اجلاس کا بھی انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی ، وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے قبائلی اضلاع وصوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر ، ایم این اے ساجد مہمند اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ کابینہ اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ نے گندائو سمال ڈیم کا بھی دورہ کیا۔حکام نے وزیراعلیٰ کو گندائو سمال ڈیم پر تفصیلی بریفینگ دی ۔

یہ ڈیم 449 ملین روپے کی لاگت سے بنایا جارہا ہے ۔ستمبر 2013 میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد ڈیم پر ترقیاتی کام بند کر دیا گیا تھا ۔ دہشت گردوں کے خلا ف آپریشن کے بعد ڈیم کی تعمیر دوبارہ شروع کی گئی جو کہ جون2019 میں مکمل کی جائے گی ۔ ڈیم کی کل سٹوریج کیسپٹی 810 ایکڑ فٹ ہے ۔ ڈیم کی لمبائی 250 فٹ جبکہ اونچائی 105 فٹ ہے ۔ اس ڈیم کی تکمیل سے 22 ہزار مقامی لوگ مستفید ہو ں گے ۔

وزیراعلیٰ نے کیپٹن روح الله شہید سپورٹس سٹیڈیم میں جشن بہاراں سپورٹس فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صحت انصاف کارڈ اور انصاف روزگار سکیم حکومت کی طرف سے ضلع مہمند کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے ۔ وزاعظم عمران خان کی ہدایت پر قبائلی اضلاع کی ترقی و خوشحالی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔ قبائلی عوام کے ساتھ یہ عہد کرتاہوں کہ ان کے تمام مسائل حل کروں گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائلی عوام نے بہت عرصے تک مشکلات جھیلی ہیں۔ اب تمام قبائلی اضلاع میں عوام اورسکیورٹی اداروں کی مشترکہ قربانیوں سے امن قائم ہو چکا ہے ۔ یہاں کے نوجوانوں نے اب مستقبل سنبھالنا ہے اور بڑھ چڑ ھ کرملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔ یہاں پر دہشت گردی اور بد امنی سے جو علاقائی روزگار کو نقصان پہنچا ہے اس کا ازالہ کریں گے ۔

قبائلی اضلاع کی تیز تر ترقی کیلئے تحریک انصاف کی حکومت اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی ۔ عوامی ترجیحات کے مطابق حکمرانی ہو گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلع مہمند کی تحصیل خویزئی، بیزئی اور حلیم زئی کیلئے پینے کے صاف پانی کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔ قبائلی اضلاع میں عوام کی محرومیوں کا بخوبی اندازہ ہے ۔ان تمام محرومیوں کا ازالہ کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔

مہمند ڈیم منصوبے میں نوکریوں میں مقامی افراد کو سو فیصد ترجیح دیں گے ۔ ضلع مہمند میں بہت جلد تھری جی اور فورجی انٹرنیٹ سروس کا آغاز کر دیا جائے گا۔ صوبائی حکومت ضلع مہمند میںیونیورسٹی کیمپس کا قیام یقینی بنائے گی ۔ضلع مہمند میں تمام مساجد اور عوامی مقامات کی سولرائزیشن کو بھی جلد یقینی بنائیں گے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پختونوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے صرف سہولیات کی کمی ہے، صوبائی حکومت یہ تمام سہولیات قبائلی اضلاع میں یقینی بنائے گی اور پختونوں کی ترقی کیلئے تمام راستے اختیار کرے گی ۔

ہم نے یہاں پر تعلیم کو عام کرنا ہے ۔ صحت اور تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ زیادہ تر وقت قبائلی اضلاع کے عوام کے مسائل کے حل پرصرف کیا جائے۔ انہی احکامات کو سامنے رکھتے ہوئے آج پہلی دفعہ ضلع مہمند میں کابینہ اجلاس منعقد کیا اور مختلف تقریبات میں شرکت یقینی بنائی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ میرا آپ سے وعدہ ہے کہ یہاں بار بار آئوں گا اور آپ کے سارے مسائل حل کروں گا۔ وزیراعظم عمران خان بھی بہت جلد ضلع مہمند کا دورہ یقینی بنائیں گے ۔ جشن بہاراں سپورٹس فیسٹیول کے موقع پر کیپٹن روح الله شہید سٹیڈیم میں کھلاڑیوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے روبرو مختلف کرتب بھی دکھائے ۔ وزیراعلیٰ نے جشن بہاراں سپورٹس فیسٹیول میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے مختلف کھلاڑیوں میں ٹرافیاں بھی تقسیم کیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات