سعودی دفاتر میں سگریٹ، نسوار اور گٹکا پر مکمل پابندی عائد

خلاف ورزی کے مرتکب اداروں کو پانچ ہزار ریال کا جرمانہ بھرنا ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 17 اپریل 2019 11:45

سعودی دفاتر میں سگریٹ، نسوار اور گٹکا پر مکمل پابندی عائد
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اپریل 2019ء) سعودی عرب میں تمام نجی و سرکاری اداروں و دفاتر میں سگریٹ، نسوار اور گٹکے کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ وزرت محنت و سماجی بہبود کے مطابق تمام تمباکو مصنوعات کے استعمال پر پابندی ہو گی۔ اگر کسی ادارے میں اس پابندی کی خلاف ورزی پائی گئی تو ایسی صورت میں اُسے پانچ ہزار ریال کا جرمانہ کیا جائے گا۔

عرب نیوز ویب سائٹ عاجل کے مطابق وزیر محنت انجینئر احمد الراجحی کی جناب سے اس فیصلے کی منظوری دیتے ہوئے اسے فوری طور پر نافذ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزارت محنت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی کابینہ کی جانب سے تمام تمباکو مصنوعات کے دفاتر میں استعمال پر پابندی کا فیصلہ لیا گیا تھا، جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے اس کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تمام دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے احاطے میں سگریٹ نوشی پر پابندی کے سٹیکر لگوائیں۔ یہ پابندی صرف دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین پر ہی نہیں، بلکہ وہاں اپنے کاموں کی غرض سے آنے والے عام افراد پر بھی نافذ ہو گی۔ وزارت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ عام سگریٹ کے علاوہ، ای سگریٹ، شیشہ، ای شیشہ، سگار، پان، گٹکا، نسوار اور تمباکو کی وہ تمام مصنوعات جو پی جاتی ہیں، کھائی جاتی ہیں یا چبائی جاتی ہیں، ان پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ اگر کسی ادارے میں سگریٹ نوشی کی خلاف ورزی پائی گئی تو اس ادارے کے خلاف پانچ ہزار ریال تک کا جرمانہ ہو سکتا ہے۔