سعودیہ: عوامی مقامات پر غیر مناسب لباس پہننے پر پابندی عائد

عوامی مقامات پر غیر مناسب لباس پہننے والے کو پانچ ہزار ریال کا جرمانہ بھُگتنا ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 17 اپریل 2019 12:08

سعودیہ: عوامی مقامات پر غیر مناسب لباس پہننے پر پابندی عائد
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اپریل 2019ء) سعودی عرب میں عوامی مقامات پر غیر مناسب لباس پہننے کی ممانعت کر دی گئی ہے۔ اخبار 24 کے مطابق سعودی کابینہ کی جانب سے اخلاق عامہ کے حوالے سے گزشتہ ہفتے ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی جس میں طے پایا گیا تھا کہ عوامی مقامات پر ایسا لباس پہن کر آنا جس پر کوئی غیر اخلاقی عبارت لکھی یا غیر اخلاقی تصویر بنی ہو، اُس کی سختی سے ممانعت ہو گی۔

اگر کوئی شخص اس خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اسے پانچ ہزار ریال تک کا جرمانہ بھُگتنا پڑے گا۔ سعودی کابینہ کی جانب سے اس حوالے سے منظور ہونے والی قرارداد میں کہا گیا تھا کہ سعودی مملکت اپنی ایک منفرد تہذیب و ثقافت کی حامل ہے جس کے مطابق چلنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔اگر کوئی شخص یا گروہ عوامی مقامات پر مملکت کی تہذیبی و ثقافتی اقدار کے منافی بغیر اجازت وال چاکنگ کرتا ہے یا دیواروں پر تصویریں وغیرہ بناتا ہے، تو اُسے قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

جبکہ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص ایک سال کے اندر دو بار اس نوعیت کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوتا ہے تو اس پر جرمانے کی رقم دُگنی کر دی جائے گی۔ یہ پابندی سعودی، غیر مُلکی تارکین اور زائرین سب پر نافذ ہو گی۔ تاہم اگر کسی شخص پر یہ جرمانہ عائد کیا جاتا ہے تو اُسے یہ حق حاصل ہو گا کہ وہ اپنے دفاع کے لیے اپیل کورٹ سے رجوع کر کے اپنا موقف واضح کرے۔ اگر عدالت اُس کے موقف سے مطمئن ہوگئی تو اس پر جرمانے کی عائد شُدہ رقم ختم کی جا سکتی ہے۔