وزیر خارجہ سے تہمینہ جنجوعہ کی الوداعی ملاقات

بے مثال خدمات پر خراج تحسین پیش ، پاکستان اور ادارے کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ، شاہ محمود قریشی

بدھ 17 اپریل 2019 21:25

وزیر خارجہ سے تہمینہ جنجوعہ کی الوداعی ملاقات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تہمینہ جنجوعہ سے الوداعی ملاقات کی اور بے مثال خدمات پر انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا پاکستان اور ادارے کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق سبکدوش ہونے والے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے الوداعی ملاقات کی، ملاقات میں شاہ محمود قریشی نے تہمینہ جنجوعہ کی بے مثال خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ تہمینہ جنجوعہ بالخصوص پاکستانی خواتین کیلئے ایک مثال ہیں، وہ بااصول اور باصلاحیت سیکرٹری خارجہ رہیں ، پاکستان اور ادارے کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

(جاری ہے)

تہمینہ جنجوعہ نے اس پذیرائی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔یاد رہے تہمینہ جنجوعہ سیکرٹری خارجہ کے عہدے سے سبکدوش ہوگئیں ہیں، انھوں نے دفتر خارجہ میں الوداعی ملاقاتیں کیں اور کہا تھا کہ وہ 35 سال وزارت خارجہ میں خدمات انجام دینے کے بعد رخصت ہو رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مجھے بہت کچھ دیا ہے، میں نے ملک کا جھنڈا ہمیشہ بلند رکھا۔ پاکستان کو بہت سے ملک حسد کی نظر سے بھی دیکھتے ہیں، ذرائع ابلاغ کی مدد اور حمایت ملکی خارجہ پالیسی کے فروغ کے لیے اہم ہے۔چار دن قبل الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تہمینہ جنجوعہ کو خواتین کے لیے رول ماڈل قرار دیا تھا، اور کہا تھا کہ وہ با اصول سیکریٹری خارجہ رہیں۔خیال رہے کہ تہمینہ جنجوعہ کو فروری 2017 میں سیکریٹری خارجہ مقرر کیا گیا تھا، وہ یہ عہدہ سنبھالنے والی ملک کی تاریخ کی پہلی خاتون تھیں