آفتاب صدیقی کی ریجنل ڈائریکٹر ملٹری لینڈاور ڈی آئی جی ٹریفک سے ملاقات

رمضان میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور چوراہوں کو سگنل فری کرنے کے امور پر بات چیت/پی ٹی آئی ایم این اے کی ایم ڈی واٹر بورڈ سے بھی ملاقات

جمعہ 19 اپریل 2019 00:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور ایم این اے آفتاب صدیقی نے ڈی آئی جی ٹریفک جاوید علی مہر سے ملاقات کی اوررمضان میں روزوں بالخصوص افطار کے اوقات میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے حوالے سے گفتگو کی۔ اس موقع پر ممبر ایگزیکٹو بورڈ این اے 247 عمران صدیقی،پی ٹی آئی لیبر ونگ کے رہنما توقیر احمد، سلیم قاضی، علی رضا اور دیگر بھی موجود تھے۔

آفتاب صدیقی نے ڈی آئی جی ٹریفک سے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بھی مقام پر ٹریفک جام نہ ہونے پائے، اس کے لیے ابھی سے جامع ٹریفک پلان مرتب کیا جائے۔ سن سیٹ کے چوراہے کو سگنل فری کیا جائے، موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائی جائے، جبکہ دوران سفر ڈرائیونگ لائسنس بھی لازمی ساتھ ہو ۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی ٹریفک نے پی ٹی آئی ایم این اے کی سفارشات اور تجاویز پر مکمل عملدرآمد کرنے کی یقینی دہانی کرائی۔

دریں اثناآفتاب صدیقی نے ریجنل ڈائریکٹر ملٹری لینڈرانا منظور سے بھی ملاقات کی ، انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن میں فلٹر آر او پلانٹس لگانے کے لیے این او سی جاری کرنے کی بات کی،جبکہ مطالبہ کیا کہ سی بی سی کے لیے واٹر بورڈ کی جانب سے پانی کی مقدار 4ایم جی ڈی بڑھا کر سیون ایم جی ڈی کیا جائے۔ اس موقع پر سی ای او سی بی سی رانا کاشف بھی موجودتھے۔

رانا کاشف سے سی بی سی کے آنے والے انتخابات پر تبادلہ خیال ہو،جبکہ حلقے میں قائم تجاوزات کے خاتمے اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب بھی جلد از جلد کرنے پر اتفاق ہوا۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی وفد نے ایم ڈی واٹر بورڈاسداللہ سے بھی ملاقات کی،ملاقات میں سی بی سی کا پانی ٹین ایم جی ڈیزتک کرنے کی تجویز زیرغور آئی جبکہ صدر، پاکستان چوک، برنس رو ڈاور کلفٹن کے علاقوں میں پانی کی کمی دور کرنے کی گزارش کی گئی۔ایم ڈی واٹر بورڈ نے پانی بحران کے فوری حل کے لیے ہرممکن اقدام کا وعدہ کیا۔