بہبود آبادی پروگرام کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ سپورٹس سٹیڈیم فردوس کالونی جھنگ روڈ میں کھیلا گیا

جمعہ اپریل 22:17

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) : ضلعی محکمہ بہبود آبادی کے زیراہتمام بہبود آبادی پروگرام کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں پاپولیشن ویلفیئر اور ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ الیون کی ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ سپورٹس سٹیڈیم فردوس کالونی جھنگ روڈ میں کھیلا گیا۔ایم پی اے فردوس رائے اس موقع پر مہمان خصوصی تھیںجبکہ سابق کرکٹر سعید اجمل،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رانا حماد اقبال،ڈپٹی ڈی او پاپولیشن ویلفیئر طیبہ اعظم،پاپولیشن ویلفیئر آفیسرز تحصیل سٹی وصدر طارق لطیف،میاں بشیر احمد ودیگر بھی موجود تھے۔

پاپولیشن ویلفیئر ٹیم نے ڈسٹرکٹ سپورٹس الیون کو 6وکٹوں سے شکست دی۔ایم پی اے فردوس رائے نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور کہا کہ فیملی پلاننگ پرعملدرآمد اورکم بچے خوشحال گھرانہ کے حوالے سے عوامی آگاہی بے حد ضروری ہے جس کے لئے صحت مندانہ سرگرمیاں منعقد کرکے پیغام کواجاگرکرنا خوش آئند اقدام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہبود آبادی پروگرام کی کامیابی کے لئے تمام طبقات کا تعاون ناگزیر ہے۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر نے بتایا کہ مقابلے منعقد کراکر بہبود آبادی پروگرام کا پیغام عام کیا جارہا ہے ۔انہوں نے ایم پی اے کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ضلعی محکمہ سپورٹس کے تعاون کو سراہا۔