شمالی آئرلینڈ: مظاہروں کے دوران فائرنگ ، خاتون صحافی ہلاک ہوگئی

پولیس سرچ آپریشن کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں میں ری پبلکنز کو 29 سالہ خاتون صحافی لیرا میکی کے قتل کا ذمہ دار قرار دے دیا گیا

جمعہ 19 اپریل 2019 22:36

لندن ڈیری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2019ء) شمالی آئرلینڈ کے شہر لندن ڈیری میں مظاہروں کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں خاتون صحافی ہلاک ہوگئیں، پولیس کی جانب سے اس واقعے کو دہشت گردی قرار دیا جارہا ہے۔ شمالی آئرلینڈ کے شہر لندن ڈیری میں پولیس سرچ آپریشن کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں میں ری پبلکنز کو 29 سالہ خاتون صحافی لیرا میکی کے قتل کا ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے۔

اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل مارک ہیملٹن نے کہا کہ نیو آئرش ری پبلکن آرمی اس سب کے پیچھے ہے اور تفتیش کاروں نے قتل کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے خاتون صحافی کی ہلاکت پر اپنے رد عمل میں کہا کہ قتل ’حیران کن اور بے رحمانہ تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ’ لیرا میکی وہ صحافی تھیں جو بہادری کے ساتھ فرائض انجام دیتے ہوئے جان کی بازی ہار گئیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ شب مظاہروں کے دوران لی گئی موبائل فوٹیج میں ایک نقاب پوش شخص کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔لیرا میکی، پولیس کی گاڑی کے قریب کھڑی تھیں اور گولی لگنے سے زخمی ہوگئیں۔مارک ہملٹن نے کہا کہ ’ لیرا میکی کو پولیس کی گاڑی میں فوری طور پر الٹناگیولن ہسپتال لے جایا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے وہ جانبر نہ ہوسکیں‘۔نیشنل یونین آف جرنلسٹس (این یو جی) کے مطابق لیرا میکی شمالی آئرلینڈ کے نامور صحافیوں میں سے ایک تھیں۔انہوں نے کہا کہ ’ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ان کا عزم ہی تھا کہ وہ شہر میں مظاہروں کی صورتحال کا جائزہ لے رہی تھیں‘۔آئرلینڈ کے وزیراعظم لیو وارادکر نے کہا کہ ’ ہم ڈیری کے عوام اور پوری صحافی برادری کے ساتھ ہیں‘۔