چین پاکستان اقتصادی راہداری ملکی اقتصادی جغرافیے کو نئی جہت دے گی جس سے مشترکہ ترقی اور استحکام میں مدد ملے گی،چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف

ہفتہ 20 اپریل 2019 10:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2019ء) سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک)پاکستان کے اقتصادی جغرافیے کو نئی جہت دے گا جس سے مشترکہ ترقی اور استحکام میں مدد ملے گی، تمام ممالک تیزی سے بدلتی عالمی اقتصادی صورتحال سے زیادہ سے زیادہ استفادے کیلئے حکمت عملی مرتب کر رہے ہیں اور سی پیک خطے سمیت عالمی ترقی کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے ۔

پاک چین دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت چاہتی ہے کہ سی پیک کثیر الملکی منصوبہ بنے اور زیادہ سے زیادہ ممالک اس میں سرمایہ کاری کریں تاکہ بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ ہارون شریف نے کہا کہ سی پیک کے تحت نہ صرف چین سے نجی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے بلکہ یو اے ای ، قطر، ملائیشیاء اور سعودی عرب سے بھی نجی سطح پر کئی منصوبہ جات میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک کو بنیادی ڈھانچے ، صنعتی تعاون، زراعت ، سماجی و اقتصادی ترقی کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور پاکستان اس حوالے سے چین کی زیادہ سے زیادہ معاونت چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شعبوں میں تعاون کے فروغ سے ٹیکنالوجی کی منتقلی سے پیداوار میں اضافہ ، منڈیوں تک رسائی اور کم ترقی یافتہ علاقوں کی ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی معاونت کیلئے ہر طرح کی ممکنہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے ۔