سعودی عرب: سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی

گزشتہ روز ہونے والے حملے میں 3 حملہ آور ہلاک ہوئے جبکہ 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 22 اپریل 2019 16:02

سعودی عرب: سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 اپریل 2019ء) گزشتہ روز سعودی مملکت میں سیکیورٹی فورسز کی عمارت پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری بین الاقوامی عسکری تنظیم داعش نے قبول کر لی ہے۔ اس حملے میں 3 حملہ آور ہلاک ہوئے تھے جبکہ سیکیورٹی فورسز کے 3 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ سعودی عرب کے سرکاری نیوز چینل الاخباریہ نے اپنی کل کی رپورٹ میں بتایا تھا کہ دارالحکومت ریاض سے شمال میں 250 کلومیٹر کے فاصلے پر قائم سیکیورٹی فورسز کی عمارت پر حملہ کیا گیا، جو موقع پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے ناکام بنا دیا تھا۔

حملے کے بعد اس واقعے کی سوشل میڈیا پر ویڈیو بھی جاری ہوئی تھی جس میں ہلاک ہونے والے مسلح حملہ آور کو دیکھا جا سکتا ہے جس کے قریب دھماکہ خیز مواد بھی نظر آ رہا ہے۔ داعش سے تعلق رکھنے والی نیوز ایجنسی ’عماق‘ نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں گزشتہ روز مارے جانے والے حملہ آوروں کو شہید قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس ویڈیو میں ایک شخص سعودی عرب کے شاہی خاندان پر تنقید کر رہا ہے اور اس حملے کو سعودی عرب، شام اور عراق میں مسلمانوں کو قید کیے جانے کا ردِعمل قرار دے رہا ہے۔ اس سے قبل 9 اپریل کو بھی سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں ایک چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا ، جس پر سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ 2 کو گرفتار کر لیا گیا۔