غلط انجکشن سے جاں بحق بچی کے والدین نے عطائی ڈاکٹر کو معاف کر دیا

پیر 22 اپریل 2019 16:55

غلط انجکشن سے جاں بحق بچی کے والدین نے عطائی ڈاکٹر کو معاف کر دیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) کراچی کے علاقے کورنگی بلال کالونی میں مبینہ طورپر غلط انجکشن سے انتقال کرجانے والی 4 سالہ بچی رضیہ کے والدین نے ذمہ دار عطائی ڈاکٹر عمران کو معاف کر دیا۔کراچی کے علاقے کورنگی بلال کالونی میں 4 سالہ رضیہ کو تیز بخار ہونے کے باعث مقامی کلینک لایا گیا۔ورثا کے مطابق ڈاکٹر نے بچی کو غلط انجکشن لگا دیا جس سے وہ انتقال کر گئی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق انجکشن لگنے کے بعد بچی کی حالت مزید خراب ہوتی چلی گئی اور وہ زندگی کی بازی ہار گئی، جس کے بعد بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کی گئی۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق ورثا پوسٹ مارٹم کرائے بغیر لاش واپس لے گئے۔پولیس نے واقعے میں ملوث ڈاکٹر عمران کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے، دوسری جانب غلط انجکشن سے جاں بحق ہونے والی بچی رضیہ کے والدین نے اتائی ڈاکٹر عمران کو معاف کر دیا ہے۔