لاہور گزشتہ سال کی نسبت مزید محفوظ ہو گیا ، جرائم کی شرح میں کمی کے بعد 138ویں سے 174 ویں نمبر پر آگیا

شہر میں ڈکیتی ، ہائوس رابری اور رشوت ستانی کی شرح میں کمی ،کار اور موٹر سائیکل چوری کی شرح واضح کم نہ ہوسکی‘بین الاقوامی سروے جرائم کی کمی میں واضح کمی اشتہاریوں کی گرفتاری سے ہوئی،مذہبی رہنمائوں سے رابطوں سے فرقہ وارانہ فسادات پر قابو پایا گیا ‘ایس ایس پی لاہور

بدھ 24 اپریل 2019 15:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) جرائم کی شرح میں کمی کے بعد پاکستان کا شہر لاہور 138ویں سے 174 ویں نمبر پر آگیا ۔بین الاقوامی سروے کے مطابق لاہور گزشتہ سال کی نسبت مزید محفوظ ہوگیا ،2018ء میں جرائم کی شرح کے اعتبار سے لاہور138 ویں نمبر تھا تاہم 2019ء میں جرائم کی شرح میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ۔2019ء میں لاہور جرائم کی شرح کے اعتبار سے 174 ویں نمبر پر آگیا ہے ، شہر میں ڈکیتی ، ہائوس رابری اور رشوت ستانی کی شرح میں کمی ہوئی ۔

غیر ملکی سروے کے مطابق کار اور موٹر سائیکل چوری کی شرح واضح کم نہ ہوسکی ۔ تاہم شہر میں نسلی تعصب کی وجہ سے ہونے والے جرائم میں واضح کمی ہوئی ۔ سروے کے مطابق دن کے اوقات میں جرائم کی شرح 2018ء کی نسبت 15فیصد کم رہی ،2019ء میں رات کے وقت شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں18فیصد کمی ہوئی ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ایس ایس پی لاہور مستنصر فیروز نے کہا کہ سٹریٹ کرائم کی شرح میں گزشتہ سال کی نسبت 30فیصد کمی ہوئی ، شہر کے ٹاپ 35 تھانوں میں جرائم کی شرح 40فیصد کم ہوئی ، جرائم کی کمی میں واضح کمی اشتہاریوں کی گرفتاری سے ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ ڈولفن اور پی آریو فورس کے دن رات گشت سے سٹریٹ کرائم واضح کم ہوا، مذہبی رہنمائوں سے رابطوں سے فرقہ وارانہ فسادات پر قابو پایا گیا ، قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاون سے جرائم پیشہ عناصر کا قلعہ قمع ہوا ۔