ہائیکورٹ نے انکم سپورٹ لیوی کیس میں حمزہ شہباز کی درخواست مسترد کردی

جمعرات 25 اپریل 2019 16:32

ہائیکورٹ نے انکم سپورٹ لیوی کیس میں حمزہ شہباز کی درخواست مسترد کردی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے انکم سپورٹ لیوی کیس میں پنجاب میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز سمیت دیگر افراد کی درخواستیں مسترد کردیں‘ حمزہ شہباز سمیت ان افراد نے انکم سپورٹ لیوی کیس کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا ‘ جس میں ہائیکورٹ کے جج جسٹس عاصم حفیظ نے جمعرات کو محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

(جاری ہے)

درخواست میں وفاقی وزارت قانون‘ وزارت مذہبی امور اور ایف بی آر کو فریق بنایاگیا تھا جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ درخواست گزار ایک رجسٹرڈ ٹیکس دہندہ ہے اور فقہ کے مطابق زکوٰة بھی ادا کرتا ہے‘ درخواست گزار نے ہمیشہ قانونی طور پر ٹیکس ادا کیا اور کبھی ڈیفالٹ نہیں کیا اور موقف اختیار کیا کہ انکم سپورٹ لیوی ٹیکس ایکٹ 2013ء آرٹیکل 73 سیکشن 2A سے متصادم ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ان لینڈ ریونیو کی جانب سے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کی وصولی کالعدم قرار دی جائے‘ 18 ویں آئینی ترمیم کے تحت سوشل ویلفیئر کا معاملہ صوبائی سطح کا ہے‘ عدالت نے حمزہ شہباز سمیت دیگر افراد کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ان لینڈ ریونیو کے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس نوٹسز قانونی قرار دیدیئے۔