ایل ڈی اے سٹی میں ایک ارب20کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام شروع کرنے کی منظوری

تین ماہ کے دوران ایل ڈی اے سٹی کے لئے تقریباً 14سوکنال اراضی پیش کر دی گئی

جمعرات اپریل 17:56

ایل ڈی اے سٹی میں ایک ارب20کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام شروع کرنے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی نے ایل ڈی اے سٹی میں ایک ارب 20کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ایل ڈی اے سٹی کے 9ہزار فائل ہولڈرز کو پلاٹ دینے کے لئے ڈویلپمنٹ پارٹنرز نے تین ماہ کے دوران تقریباً 14سو کنال اراضی پیش کر دی جومقرر کردہ ہدف 1124کنال سے تقریبا ً پونے تین سوکنال زیادہ ہے ۔

اراضی کے ایل ڈی اے کے نام انتقال کے لئے کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ایل ڈی اے کے عملے نے تین ماہ کے دوران 11سو کنال اراضی کا قبضہ حاصل کر لیا۔ایل ڈی اے سٹی کی سپروائزری کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل(اربن پلاننگ)رانا ٹکا خان کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے ایل ڈی اے سٹی آٹھ ماہ میں مکمل کرنے کے احکامات کے بعد سکیم پر شہریوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی نی13ہزار کنال سے زائد اراضی پر مشتمل ایل ڈی اے سٹی فیز ون کے لے آئوٹ پلان کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت ڈویلپمنٹ ایریا ون میں دو کنال کے 85‘ایک کنال کے 2288‘دس مرلے کے 4231اور پانچ مرلے کے 4793پلاٹ بنا ئے جائیں گے ۔اس کے علاوہ یہاں کمرشل سرگرمیوں ‘مفاد عامہ کی جگہوں ‘پارکوں اور کھلی جگہوں اور قبرستان کے لیے بھی اراضی مختص کی گئی ہے ۔