Live Updates

پاکستان اور سعودی کے درمیان پارلیمانی تبادلوں سے ایک دوسرے کے قانون سازی نظام کی بہتر سوجھ بوجھ پیدا ہو گی

وزیراعظم عمران خان کی سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ محمد ابراہیم الشیخ سے گفتگو

جمعرات 25 اپریل 2019 18:39

پاکستان اور سعودی کے درمیان پارلیمانی تبادلوں سے ایک دوسرے کے قانون ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پارلیمانی تبادلوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ایک دوسرے کے قانون سازی نظام کی بہتر سوجھ بوجھ پیدا ہو گی۔ انہوں نے یہ بات سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ محمد ابراہیم الشیخ اور ان کے وفد کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔

یہ وفد چیئرمین سینٹ کی دعوت پر پاکستان کے تین روزہ دورے پر ہے۔ وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاک سعودی تعلقات میں حالیہ پیش ہائے رفت بالخصوص سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے رواں سال فروری میں دورہ پاکستان پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ولی عہد کی بصیرت انگیز قیادت اور سعودی عرب کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کو سراہا۔

انہوں نے سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی جلد رہائی کی امید ظاہر کی جیسا کہ سعودی ولی عہد نے اپنے دورے کے دوران وعدہ کیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے سلطنت کی امن و سلامتی اور الحرمین الشریفین کے تقدس کے حوالے سے پاکستان کی وابستگی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ ڈاکٹر عبداللہ محمد ابراہیم الشیخ نے وزیراعظم کو سعودی قیادت کی نیک تمنائیں پہنچائیں۔ انہوں نے پاکستان کی حکومت کی جانب سے ان کی اور ان کے وفد کی پرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں دونوں برادر ممالک کی پارلیمان کے درمیان قریبی اور گہرے روابط کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات