معاون خصوصی وزیراعظم برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس

جمعرات 25 اپریل 2019 20:20

معاون خصوصی وزیراعظم برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) معاون خصوصی وزیراعظم برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی زیر صدارت جمعرات کو وزارت اطلاعات میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام علی بخاری اور صوبائی وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افیئرز یوسف بیگ مرزا ،وفاقی سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل اور وزارت کے دیگر اعلی حکام بھی شریک کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاق اور صوبوں کے شعبہ اطلاعات کے مابین اطلاعات کے بروقت تبادلے اور فراہمی کے حوالے سے بہتر کوارڈینیشن قائم کرنے کے لیے مختلف اقدامات اور تجاویز پر غورجبکہ میڈیا صنعت کی ترقی، فروغ اور صحافیوں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا جمہوریت کا لازمی جزو اور ہماری طاقت ہے،پاکستان کی ہمہ جہت ثقافت کے فروغ اور ملکی تشخص کو اجاگر کرنے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا قومی تشخص اور ثقافتی ورثہ قابل فخر اور نمایاں عظمت کا حامل ہے،ہمارا فریضہ ہے کہ قومی تشخص کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔