توہین عدالت کی کارروائی کیلئے دائر درخواست پر ڈی جی ماحولیات 6مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب

جمعہ 26 اپریل 2019 13:13

توہین عدالت کی کارروائی کیلئے دائر درخواست پر ڈی جی ماحولیات 6مئی کو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی کارروائی کیلئے دائر درخواست پر ڈائریکٹر جنرل ماحولیات کو 6مئی کو ذاتی حیثیت میںریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔ لاہو رہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے ہیومن رائٹس سیل کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ لاہور شہر میں زہریلادھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کے لیے عدالت عالیہ سے رجوع کیا گیا تھا۔

فاضل عدالت نے ڈی جی ماحولیات کو تین ہفتوں کے اندر اندر فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔دو ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا لیکن ڈی جی ماحولیات کی جانب سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا۔ استدعا ہے کہ ڈی جی ماحولیات کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے اوردھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے ۔