کل جماعتی حریت کانفرنس وفد کی پارلیمنٹ کشمیر کمیٹی چیئرمین فخر امام سے ملاقات

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا

جمعہ 26 اپریل 2019 20:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2019ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک نمائندہ وفد نے حریت رہنماء فاروق رحمانی کی قیادت میں پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئر مین فخر امام سے ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی فوج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا یہ ملاقات پارلیمنٹ ہائوس میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کے چیمبر میں ہوئی ملاقات میں فاروق رحمانی نے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین فخر امام کو یادداشت بھی پیش کی فخر امام نے حریت وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ پاکستان کشمیر کے مستقبل کے لیے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق رائے شماری کی حمائت کرتا رہے گا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اقوام عالم کو بھی تشویش ہے اور اقوام متحدہ میں پیش کی گئی انسانی حقوق کمیٹی کی رپورٹ عالمی برادری کی آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہے انہوں نے حریت رہنمائوں یقین دلایا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی،اخلاقی اور سیاسی حمائت اقوام عالم کے ہر فورم پر جاری رکھے گا