شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کیلئے کچھ نہیں بدلا،5 سال قبل جہاں تھے وہیں کھڑے ہیں‘ ڈاکٹر طاہر القادری

قانون،مظلوموں کی داد رسی کی بجائے قاتلوں،ظالموں،جابروں اور پیسے والوں کو ریلیف کے راستے مہیا کرتا ہے‘سربراہ عوامی تحریک

اتوار 12 مئی 2019 21:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2019ء) قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کو حصول انصاف کے لئے جن مشکلات کا سامنا سابق دور حکومت میں تھا وہ آج بھی ہیں۔شہداء کے ورثاء کے لیے کچھ نہیں بدلا جنہوں نے 17 جون کے سانحہ ماڈل ٹائون کے ظلم و بربریت کے خلاف احتجاج کیاتھا ان تمام کو سزائیں سنا دی گئیں اور وہ جیلوں میں بند ہیں اور جنہوں نے بے گناہ شہریوں کو قتل کیا اور قتل عام کا حکم دیا وہ آزادانہ گھوم رہے ہیں۔

ان سے کوئی باز پرس کرنے والا نہیں ہے سربراہ عوامی تحریک گزشتہ روزسینئر رہنمائوں کے اجلاس سے آڈیو لنک پر خطاب کر رہے تھے۔ سربراہ عوامی تحریک گزشتہ روز پاکستان آنے کیلئے کینیڈا سے استنبول پہنچے جہاں وہ مولائے روم کے مزار پر حاضری دیں گے اورچند روز قیام کے بعد رمضان المبارک کے دوسرے عشرہ میں پاکستان پہنچیں گے اور شہر اعتکاف میں شریک ہونگے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ قتل عام کے بہیمانہ واقعات میں بھی پانچ پانچ سال تک مظلوموں کی آواز نہیں سنی جاتی۔ قانون،مظلوموں کی داد رسی کی بجائے قاتلوں،ظالموں،جابروں اور پیسے والوں کو ریلیف کے راستے مہیا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کے حوالے سے مظلوم خاندان پانچ سال قبل جہاں کھڑے تھے وہیں آج کھڑے ہیں،انصاف میں رتی برابر پیش رفت نہیں ہوئی۔ شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کیلئے کچھ نہیں بدلا۔انھوں نے کہا کہ ہم شہداء کے ورثا کے ساتھ کھڑے ہیں اور عدالتوں سے انصاف مانگ رہے ہیں۔