اسرائیل نے امن لوٹ آنے کے بعد غزہ کی سرحدی گذر گاہیں کھول دیں

اسرائیل نے امن کے بدلے غزہ پٹی کی گذشتہ ایک عشرے سے جاری ناکا بندی میں نرمی سے اتفاق کیا ہے،فلسطینی حکام

اتوار 12 مئی 2019 21:45

مقبوضہ غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2019ء) اسرائیل نے غزہ کی پٹی کے ساتھ امن لوٹ آنے کے بعد سرحدی گذرگاہیں دوبارہ کھول دیں۔اسرائیلی فوج نے غزہ کی فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے بعد 4 مئی کو دوسرحدی گذرگاہیں کیرم شالوم اور ایریز بند کردی تھیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی وزارت دفاع کی خاتون ترجمان نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ ایریز کو لوگوں کی آمدورفت اور کیرم شالوم کو اشیاء کی حمل ونقل کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

غزہ سے چار اور پانچ مئی کو حماس ، اسلامی جہاد اور دوسری فلسطینی مزاحمتی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے مزاحمت کاروں نے اسرائیل کے جنوبی علاقے کی جانب سیکڑوں راکٹ فائر کیے تھے جس سے چار اسرائیلی ہلاک ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج نے ان راکٹ حملوں کو جواز بنا کر غزہ پر تباہ کن بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں 25 فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔ان میں نو مزاحمت کار بھی شامل تھے۔

گذشتہ سوموار کو اقوام متحد ہ اور مصر کی ثالثی کے نتیجے میں حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی طے پا گئی تھی۔فلسطینی حکام کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے امن کے بدلے میں غزہ کی پٹی کی گذشتہ ایک عشرے سے جاری ناکا بندی میں نرمی سے اتفاق کیا ہے لیکن اسرائیل نے سرکاری طور پر اس ڈیل کی تصدیق نہیں کی ہے۔البتہ اس نے گذشتہ جمعہ کو غزہ سے تعلق رکھنے والے فلسطینی مچھیروں پر عاید کردہ پابندی کو بھی ختم کردیا ہے اور اب وہ بحر متوسط میں اپنی کشتیوں کے ذریعے مچھلیوں کا شکار کرسکتے ہیں۔