صادق آباد:بینک کی عمارت میں دھماکے سے 21 افراد زخمی ہوگئے

ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اور شیخ زید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 16 مئی 2019 16:03

صادق آباد:بینک کی عمارت میں دھماکے سے 21 افراد زخمی ہوگئے
صادق آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 مئی۔2019ء) صادق آباد کے نجی بینک کی عمارت میں دھماکے کے نتیجے میں 21 افراد زخمی ہوگئے ہیں . ریسکیو 1122 کے حکام نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا رحیم یار خان صادق آباد نیشنل ہائی وے کے نز دیک نجی بینک کے اندر ہوا. انہوں نے کہا کہ ریسکیو حکام نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں.

ریسکیو حکام نے یہ بھی بتایا کہ جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن کیا گیا جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا.

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر صادق آباد جمیل احمد جمیل نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اور شیخ زید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی‘پولیس اور قانون نافذکرنے والے اداروں نے جائے حادثہ پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی تاہم دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے.

تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں نجی بینک میں دھماکے کے نتیجے میں 21 افراد زخمی ہوگئے. رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں نجی بینک کی چھت دھماکے کے بعد زمین بوس ہوگئی، جس سے 21افراد زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر فوراً زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا پولیس نے جگہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں جب کہ دھماکے کے نتیجے میں بینک کے باہر کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا.

ڈی پی او رحیم یار خان کے مطابق 21افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ابتدائی طور پر سیلنڈر کا دھماکا لگتا ہے تاہم فرانزک ٹیمیں دھماکے کی نوعیت معلوم کررہی ہیں. دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صادق آباد میں بینک میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کرلی ہے جب کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے.