مزدور اور ریڑھی والے کے بعد اب رمضان شوگر مل کے چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں بھی اربوں روپے کی منتقلی کا انکشاف

منی لانڈرنگ کے لیے رمضان شوگر مل کے چپڑاسی ملک مقصود کے اکاؤنٹ میں 3ارب 30کروڑ روپے منتقل کیے گئے،نیب ذرائع

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 16 مئی 2019 21:20

مزدور اور ریڑھی والے کے بعد اب رمضان شوگر مل کے چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مئی2019ء) مزدور اور ریڑھی والے کے بعد اب رمضان شوگر مل کے چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں بھی اربوں روپے کی منتقلی کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کے لیے رمضان شوگر مل کے چپڑاسی ملک مقصود کے اکاؤنٹ میں 3ارب 30کروڑ روپے منتقل کیے گئے۔ اس سے پہلے بھی شریف فیملی کی منی لانڈرنگ کے حوالے سے کئی شواہد ملے ہیں اور نیب ذرائع نے بتایا ہے کہ نواز شریف خاندان کے دیرینہ ملازم فضل داد اؤعباسی نے تفتیش کے دوران بہت سے انکشافات کیے ہیں اور اسی نے رمضان شوگر مل کے چپڑاسی ملک مقصودکے بارے میں بتایا کہ وہ مل کا چپڑاسی ہے اور اس کے اکاؤنٹ سے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملک مقصود ایک کرائے کے گھر میں رہتا تھا لیکن اب وہ ملک سے باہر فرار ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ شریف خاندان کے افراد کے خلاف کرپشن اور منی لانڈرنگ کے اربوں روپے کے مقدمات چل رہے ہیں اور تفتیش کی جارہی ہے۔ یہ تمام معاملہ پانامہ پیپرز کے آنے کے بعد شروع ہوا تھا اور پھر تحقیقات میں مزید سنگین انکشافات ہوتے گئے اور ذرائع کے مطابق شریف خاندان سینکڑوں ارب روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث رہا ہے۔

اس وقت بھی نواز شریف کرپشن کیس میں قید کی سزا کاٹ رہے ہیں جبکہ شہباز شریف کو بھی العزیزیہ ریفرنس میں قید کی سزا ہوئی تھی لیکن وہ ابھی ضمانت پر علاج کے لیے لندن گئے ہوئے ہیں اور انہوں نے بجٹ پیش ہونے سے پہلے واپس آنے کا اعلان کیا ہے۔