امریکی سینیٹ کو ایران سے کشیدگی پر بند کمرے میں خصوصی بریفنگ دی جائیگی

ْامریکی وزیر خارجہ ودفاع،چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی منگل کواجلاس میں شرکت کریں گے

جمعہ 17 مئی 2019 16:22

امریکی سینیٹ کو ایران سے کشیدگی پر بند کمرے میں خصوصی بریفنگ دی جائیگی
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2019ء) امریکی کانگریس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ذمے داران آئندہ ہفتے ایران کے حوالے سے موقف کے سلسلے میں خصوصی بریفنگ پیش کریں گے۔ اس سے قبل ڈیموکریٹک اور ریپبلکن دونوں جماعتوں کے قانون سازوں نے مزید معلومات کا مطالبہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق کانگریس میں معاونین نے بتایا کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو، جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل جوزف ڈنفورڈ اور قائمقام وزیر دفاع پیٹرک شینہن آئندہ منگل کی شام سینیٹ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

معاونین نے آئندہ ہفتے پومپیو کے ساتھ بریفنگ کی توقع بھی ظاہر کی ہے۔کانگریس کے اراکین کئی ہفتوں سے یہ شکوہ کر رہے ہیں کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے ساتھ کشیدگی کے حوالے سے انہیں مطلوبہ معلومات فراہم نہیں کیں بلکہ بعض ریپبلکنز کا تو یہ کہنا تھا کہ انتظامیہ نے اس معاملے میں انہیں کچھ بھی نہیں بتایا۔