کراچی کے اسکولوں کے بچوں ،بچیوں کی صلاحیتوں سے بہت متاثرہواہوں ، چیف سیکرٹری سندھ

حکومت سندھ نے ان باصلاحیت نعت خوانوں کی مکمل سرپرست کرے گی ،سیدممتاز علی شاہ کا24ویں انٹر اسکولز مقابلہ نعت سے خطاب

ہفتہ 18 مئی 2019 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2019ء) چیف سیکریٹری سندھ سیدممتاز علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے اسکولوں کے بچوں بچیوں کی صلاحیتوں سے بہت متاثر ہواہوں ۔حکومت سندھ ان باصلاحیت نعت خوان بچوں کی مکمل سرپرستی کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جسٹس ہیلپ لائن اور پاکستان کریسنٹ یوتھ آرگنائزیشن کے زیراہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ بچے مستقبل کے معمار ہیں انکی صلاحیتوں کو نکھار نا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ محفل نعت میں کامیاب ہونے والے نعت خوان بچوں کو اسلام آباد میں بین الاقوامی مقابلہ نعت میں حکومت سندھ کی نمائندگی کے لیے بھیجا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ محفل رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں منعقد کی جارہی ہے جس سے اس محفل میں رحمتوں کا مزید نزول ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ندیم شیخ ایڈوکیٹ کی 31سالہ سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے اتنی باوقارتقریب منعقد کرنے پر انہیں مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے کہا کہ ندیم شیخ ایڈوکیٹ کی خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں حکومت سندھ کی مختلف کمیٹیوں میں نامزد کیا جارہا ہے ۔اس موقع پر کامیاب ہونے والے نعت خوان بچوں میں مذہبی اسکولر حج عمرہ آرگنائزررائوناصر جہانگیر کی جانب سے تین عمرے کے ٹکٹس پہلا ٹکٹ حکیم محمد سعید ،دوسرا ٹکٹ چیف سیکریٹری سندھ سیدممتاز علی شاہ کے والد اور تیسرا ٹکٹ اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور خان کے والد کے نام سے منسوب کرتے ہوئے دیئے گئے ۔

اٹارنی جنرل پاکستان انور منصورخان نے ناسازی طبع کے باوجود محفل نعت میں شرکت کی اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ سیدممتاز علی شاہ ،اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور خان ،ڈائریکٹر جنرل ورکس ایس ایم شکیب ،راشد حسین انصاری ،جسٹس (ر) قمر الدین بوہرا، ندیم شیخ ایڈوکیٹ ،سلیم مائیکل ایڈوکیٹ ،سیدذوالفقارشاہ اور حارث امین بھٹی میں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی